پرویز مشرف کے فارم ہاؤس پر بھی شیلٹر ہوم بن سکتا ہے: حامد میر


سینئر تجزیہ کار حامد میر نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کے فارم ہاؤس پر بھی شیلٹر ہوم بن سکتا ہے۔ پرویز مشرف کا گھر بھی ضبط شدہ جائیداد ہے، جو کہ چک شہزاد میں واقع ہے۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں حکومت کی توجہ دلائی ہے کہ اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد میں سابق صدر پرویز مشرف کا وسیع و عریض فارم ہاؤس بھی ضبط شدہ جائیداد ہے۔ یہاں پر بھی ایک عظیم الشان شیلٹر ہوم بن سکتا ہے۔

واضح رہے گزشتہ روز ضلعی حکومت لاہور نے مسلم لیگ ن کے رہنماء اور سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی گلبرگ میں واقع رہائش گاہ ہجویری ہاؤس کو پناہ گاہ میں تبدیل کردیا ہے۔ اسحاق ڈار کی گلبرگ میں رہائش گاہ ہجویری ہاؤس 4 کنال 17 مرلے پر واقع ہے۔ محکمہ سوشل ویلفیئر نے رہائشگاہ پر پناہ گاہ کا بورڈ آویزاں کردیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے پناہ گاہ میں بیڈز ، میز کرسیاں اور ڈائننگ ٹیبل بھی لگوا دیے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ ضلعی حکومت نے 28 جنوری کو اسحاق ڈار کی رہائشگاہ کی نیلامی کرنا تھی لیکن عدالت نے اسحاق ڈار کی رہائش گاہ پر حکم امتناع جاری کردیا تھا۔ عدالتی حکم پر رہائشگاہ کی نیلامی روک دی گئی تھی۔ نیلامی کیلئے چار کنال سترہ مرلے کے رقبے پر مشتمل اسحاق ڈار کے بنگلہ کی بولی کی مالیت 18 کروڑ 50 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔

لیکن اس کے باوجود بولی میں شرکت کیلئے کوئی شہری وہاں نہ آیا۔ تاہم ضلعی حکومت نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے ساتھ مل کر رہائش گاہ کو پناہ گاہ میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا اور اب وہاں پناہ گاہ کا باقاعدہ بورڈ آویزاں کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب اسحاق ڈار نے گھر کو پناہ گاہ بنانے کے حکومتی طرز عمل کے خلاف عدالت میں جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کے لئے قانونی مشاورت جاری ہے۔ ن لیگی رہنماؤں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ حکم امتناعی کی موجودگی میں رہائش گاہ کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments