اگر سیاسی بلیک میلنگ چلتی رہی تو نیا الیکشن کروا دوں گا: عمران خان

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

صحافی صابر شاکر نے وزیراعظم عمران خان کے حوالے سے کہا ہے کہ اگر سیاسی بلیک میلنگ چلتی رہی تو نیا الیکشن کروا دوں گا، الیکشن میں اگرلوگ مجھے پسند کریں گے تو ووٹ بھی دیں گے، ورنہ کسی اور کو لے آئیں گے، لیکن اب میں کسی بات پر کمپرومائز نہیں کروں گا۔
سینئر تجزیہ کار صابر شاکر نے بتایا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اتحادیوں کو راضی کرنے اور ان کو ساتھ لے کر چلنے کا لائحہ عمل بنا لیا ہے۔ ایم کیوایم سے بھی بات چیت چل رہی ہے۔ عمران خان ماضی کی طرح آؤٹ آف وے جا کر کوئی فنڈز نہیں دیں گے، بلکہ ترقیاتی فنڈز بھی طریقہ کار کے تحت دیں گے۔ یہ فنڈز صرف پراجیکٹ پر ہی لگنے چاہئیں نہ کہ کک بیک کی نذر ہو جائیں۔ مسلم لیگ ق کے ساتھ دوبارہ سلسلہ جنبانی شروع ہو چکا ہے، دیکھنا یہ ہے کہ بات چیت آگے بڑھتی ہے یا لڑائی بڑھے گی۔
صابر شاکرنے بتایا کہ وزیراعظم سے آٹے چینی بحران پر الزام لگانے والوں اور الزام کی زد میں آنے والوں، دونوں کی ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔ اس حوالے سے خفیہ اداروں کی رپورٹس بھی آچکی ہیں، ایف آئی اے کی رپورٹ آنا باقی ہے۔
وزیراعظم عمران خان بحران پیدا کرنے والوں کو سزائیں دینا چاہتے ہیں۔ یہ لوگ ان کی کابینہ یا پارٹی میں ہوں، اور کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں، ان کو سزائیں دی جائیں گی۔ وزیراعظم نے اپنے قریبی رفقاء سے مشاورت بھی کر لی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے پچھلے دنوں سیاسی اور غیرسیاسی ملاقاتوں میں طے کیا کہ اب ریورس گیئر نہیں لگے گا بلکہ آگے بڑھا جائے گا۔
یہ بھی طے ہے کہ وزیراعظم عمران خان الیکشن بھی کروانے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ نخرے جتنے ہونے تھے ہو گئے، اگر میں اپنے منشور پر عمل نہ کر سکا، اور سیاسی بلیک میلنگ چلتی رہی، تو پھر بہتر یہی ہے کہ میں نیا الیکشن کروا دوں۔ لوگ مجھے پسند کریں گے تو ووٹ دیں گے اگر نہیں تو کسی اور کو لے آئیں گے۔لیکن اب میں کچھ برداشت نہیں کروں گا۔ جب بھی میں نے کچھ کیا، مجھے کہا گیا کہ یہ کام چھوڑ دیں، سیاسی استحکام آ جائے گا۔ لیکن اس کے باوجود سکھ کا سانس نہیں لینے دیا جا رہا، اب وہ کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں۔

 

Comments - User is solely responsible for his/her words

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *