’الف‘ جیسے مذہبی ڈرامے بناؤں گا: حمزہ علی عباسی


سابق اداکار حمزہ علی عباسی کا کہنا ہے کہ وہ جیو انٹرٹینمنٹ کے مقبول ترین ڈراما سیریل ’الف‘ جیسے مذہب سے متعلق فلمیں، دستاویزی فلم اور ڈرامے بنائیں گے۔

گزشتہ سال اداکاری چھوڑنے والے سابق اداکار حمزہ علی عباسی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں اُنہوں نے اپنے مداحوں کو اِس بارے میں بتایا کہ وہ مستقبل میں کسی طرح کی فلمیں اور ڈرامے وغیرہ بنائیں گے۔

حمزہ علی عباسی نے وہاں موجود شرکاء سے پوچھا کہ ’آپ میں سے کتنے لوگ ڈراما سیریل ’الف‘ دیکھ رہے ہیں؟‘ سابق اداکار کے اِس سوال کے جواب میں بہت سے لوگوں نے ہاتھ اُٹھایا جس پر حمزہ علی عباسی مُسکرائے اور کہا کہ ’مجھے لگ رہا تھا کہ صرف 3 سے 4 ہی لوگ ہاتھ اُٹھائیں گے۔‘

حمزہ علی عباسی نے کہا کہ ’دراصل ’الف‘ ہی میرا پہلا قدم ہے کہ جس نے مجھے مذہبی مواد بنانے پر مجبور کیا۔‘  اُنہوں نے کہا کہ ’الف میرا پہلا پروجیکٹ ہے جو میں نے اِس لیےکیا کیونکہ اِس میں اللّہ کا پیغام ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں اپنی خدمات اِس طرح کے مواد بنانے میں سر انجام دینا چاہتا ہوں کیونکہ فلمسازی اور سینما گرافی وغیرہ بھی میڈیا کا ایک حصہ ہے اور میں اِس کے ذریعے اللّہ کا پیغام لوگوں تک پہنچاؤں گا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’آج کے دور کا سب سے طاقتور ہتھیار میڈیا ہے اور ہم اِس کو استعمال کرتے ہوئے مذہبی مواد پر مختصر فلم، دستاویزی فلم اور ڈرامے وغیرہ بنا سکتے ہیں۔‘

واضح رہے کہ حمزہ علی عباسی نے گزشتہ سال اداکاری چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، اُنہوں نے کہا تھا کہ اب وہ فلمسازی اور پروڈکشن وغیرہ کریں گے لیکن اداکاری نہیں کریں گے جبکہ وہ ابھی جیو انٹرٹینمنٹ کے مقبول ترین ڈراما سیریل ’الف‘ میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments