کیماڑی: پراسرار گیس سے چھ افراد جاں بحق، 100 سے زائد متاثر


کراچی کے علاقے کیماڑی میں پراسرار گیس کے اخراج سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے جبکہ 100 سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔

ایس ایس پی سٹی کراچی مقدس حیدر کے مطابق یہ گیس کہاں سے آئی، اس بارے میں ابھی تک معلومات نہیں مل سکیں۔ ایس ایس پی کے مطابق رات آٹھ بجے کیماڑی کے مختلف مقامات سے اچانک گیس کی بو پھیل گئی جس سے شہری متاثر ہونا شروع ہوئے۔

پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر دس افراد کو کیماڑی میں واقع ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جن میں سے ایک 60 سالہ خاتون جاں بحق ہو گئی۔ اس کے بعد مختلف لوگ اسپتال پہنچتے رہے۔ آخری اطلاعات تک کیماڑی کے ضیاالدین اسپتال میں گیس سے متاثر ہو کر جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 6 ہو گئی ہے، جبکہ اسپتال لائے جانے والے متاثرہ افراد کی تعداد 100 سے زائد ہو گئی ہے۔

اسپتال میں موجود کیماڑی کے جیکسن تھانے کے ایس ایچ او ملک عادل نے بتایا کہ اسپتال لائے جانے والے افراد کو سانس لینے میں شدید دشواری ہو رہی ہے۔ لوگ بتاتے ہیں کہ ان کا دم گھٹ رہا ہے۔ تمام افراد کو فوری طور پر آکسیجن فراہم کی جارہی ہے۔

اس واقعے کے بعد کیماڑی میں افواہ پھیل گئی کہ چائنا سے آئے ہوئے کسی کنٹینر کو کھولنے کے بعد علاقے میں وائرس پھیل گیا۔ جبکہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ بندرگاہ پر کسی بحری جہاز سے کیمیکل نکالنے کے دوران ہوا میں گیس شامل ہوئی۔ تاہم ایس ایس پی مقدس حیدر کے مطابق واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

پولیس کے مطابق اسپتال میں حفاظتی انتظامات کر دیے گئے ہیں۔ ممکنہ طور پر وائرس کے خدشے کے پیش نظر تمام ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو ماسک تقسیم کر دیے گئے۔ متاثرہ افراد کو ایک مخصوص وارڈ میں لے جاکر طبی امداد دی جا رہی ہے۔

دریں اثنا آخری اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 60 سالہ میمار بیگم، رضوان اور احسن کے نام سے ہوئی۔ ادھر کراچی پورٹ ٹرسٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ بندرگاہ پر کوئی ایسا جہاز لنگرانداز نہیں جس میں کوئی کیمیکل ہو یا جہاں سے گیس کا اخراج ہوا ہو۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments