ایران میں کرونا کی وجہ سے 34 نہیں 210 ہلاکتیں ہوچکی ہیں: بی بی سی کا دعویٰ


برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران میں کرونا وائرس کی وجہ سے اب تک 210 ہلاکتیں ہو چکی ہیں لیکن حکومت کی جانب سے صرف 34 ہلاکتوں کے اعداد و شمار دیے جا رہے ہیں۔

بی بی سی فارسی نے ایران کی وزارت صحت کے ذرائع سے بات کرنے کے بعد 210 ہلاکتوں کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ سب سے زیادہ ہلاکتیں دارالحکومت تہران اور قم شہر میں ہوئی ہیں۔ جمعہ کے روز ایرانی حکام نے کہا تھا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے 34 ہلاکتیں ہوئی ہیں لیکن وزارت صحت کے ذرائع نے جو اعداد و شمار بتائے ہیں وہ اس سے 6 گنا زیادہ ہیں۔

دوسری جانب ایرانی حکومت نے بی بی سی کی رپورٹ مسترد کردی اور دعویٰ کیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کے مریضوں کا ڈیٹا چھپا نہیں رہے بلکہ شفاف طریقے سے اعداد و شمار جاری کر رہے ہیں۔ خیال رہے کہ امریکہ کی جانب سے یہ الزام عائد کیا جارہا ہے کہ ایران کرونا وائرس کے حوالے سے حقائق چھپا رہا ہے۔

بی بی سی فارسی سروس کے صحافی کسرا ناجی کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ ہلاکتیں تہران میں ہوئی ہیں جہاں بہت سی اعلیٰ حکومتی شخصیات میں بھی کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، تہران سمیت 22 شہروں میں نمازِ جمعہ کے اجتماعات منسوخ کردیے گئے جبکہ سکول اور جامعات کو بند کیا جاچکا ہے، بہت سے ایرانی شہری فضائی آپریشنز بند ہونے کے باعث ملک کے اندر اور بیرون ملک پھنسے ہوئے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments