نیت صاف


حبیب ایک خوش شکل خوش لباس سلجھا ہوا خوبرو نوجوان تھا۔ بھری جوانی میں ہی داغ مفارعت دے جانے والے اس کے والد نے اپنے پسماندگان میں اس سمیت تین بیٹیاں اور ایک بیوہ چھوڑی، جیسا کہ دستور ہے۔ اس کی والدہ نے اللہ کے سہارے اپنی سلائی مشین کے ساتھ مشینی زندگی گزاری، یہاں تک کہ ایک بیٹی کی شادی دوسری کی منگنی کے ساتھ ساتھ حبیب بھی یونیورسٹی پہنچ گیا۔

وہ ایک ذمہ دار فرد تھا اسے تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے حقوق وفرائض بلکہ یوں کہہ لیجیے اپنے نرے فرائض کا بخوبی ادراک تھا۔ پر نہ جانے اسے کیا ہوا کہ اس نے فائنل سمیسٹر کے فائنل پیپر والے دن سرخاب کو پروپوز کر دیا۔

سرخاب واقعی ہر لحاظ سے کمیاب ونایاب تھی۔ اور اکنامکس کے بقول ہر کمیاب و نایاب شے کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑتی ہے۔ ” اپنی شکل دیکھی ہے آئینے میں، بڑے آئے مجھے پروپوز کرنے والے، تمہیں کم از کم میرے حسب نسب، میری آن بان، شان و شوکت کا تو لحاظ رکھنا چاہیے تھا۔ ارے، میں جس گاڑی میں یونیورسٹی آتی ہوں، تم تو تمام زندگی کی جمع پونجی سے بھی اسے نہیں خرید سکو گے، اب میرا منہ کیا دیکھ رہے ہو جاؤ اپنا کام کرو اور آئندہ ایسی بات سوچنا بھی مت“۔ غیظ وغصے سے لال پیلی سرخاب خوب زہر پاشی کرتے ہوئے چلتی بنی۔

اس عزت افزائی سے حبیب بہت دلبرداشتہ ہوا اور نشے کی لت لگ کر چھ ماہ کے اندر اندر چل بسا۔ کہانی اچھی لگی؟ نہیں نا۔ چلو Rewindکرتے ہیں۔ پروپوزل پر سرخاب لال سرخ ضرور ہو ئی لیکن شرم کے مارے، ”مانند سرخ گلاب“ نہ جانے کب سے وہ یہ ارمان اپنے دل میں چھپائے بیٹھی تھی، اس نے کہا بس میری ایک بات ضرور مانیے گا۔ وہ کیا؟ حبیب نے قدرے تشویش سے پوچھا۔ وہ۔ وہ، ممی پاپا کینیڈا شفٹ ہو چکے ہیں اور میں فائنل سمیسٹر ہی کا انتظار کر رہی تھی، تو شادی کے بعد ہم کینیڈا شفٹ ہو جائیں؟

سرخاب کے جواب میں نری درخواست تھی، بس پھر کیا تھا چھ ماہ کے اندر اندر حبیب اپنی والدہ اور بیوی کے ہمراہ کینیڈا شفٹ ہو چکا تھا۔ ایسی کہانیاں بجائے کسی تفریحی فلم کی طرح ہمارے جذبات و احساسات پر کوئی خوشگوار اثر مرتب کرنے کے، ہمیں ایک عجیب وغریب ہیجان وخبط میں مبتلا کر جاتی ہے ایسا خبط جس ہم من حیث القوم بہت بری طرح سے گرفتار ہیں یعنی (شاٹ کٹ) ۔ عقل و فہم کی کسوٹی پر شارٹ کٹ کوئی ایسی بری چیز بھی نہیں ہے خود ہمارے دین میں بھی آسانی کو پسند کیا گیا ہے لیکن اگر پوری قوم ہی بلا سوچے سمجھے اندھا دھندشارٹ کٹس کے چکر میں پڑ جائے تو سوچیں کام کس نے کرنا ہے۔

ہم سب جانتے ہیں کہ وسطی پنجاب سے سینکڑوں کی تعداد میں نوجوان روشن وسنہرے مستقبل کی تلاش میں سرگرداں یورپ کا غیر قانونی سفر اختیار کرتے ہوئے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں اور مزے کی بات تو یہ ہے ہے اس کے باوجود اس مہم جوئی کے رجحان میں کوئی کمی دیکھنے میں نہیں آ رہی ہے بلکہ اب تو یہ اندیشہ پیدا ہو گیا ہے کہ کہیں یہ ”متعددی کھجلی“ عرض پاک کے دوسرے حصوں کو بھی اپنی لپیٹ میں نہ لے لے۔ قومیں فکری ذہنی جذباتی و عملی ہم آہنگی سے بنتی ہیں۔

لیکن جب ہر طرف افراتفری مچی ہو اور ہر کسی کو بس اپنی ہی پڑی ہو تو پھر قوم کا کیا؟ ہم سب اچھی طرح سے جانتے ہیں کہ یہ پاکستان میں آگے بڑھنے اور ترقی کرنے کے بہت محدود یا بلکہ یوں کہہ لیجیے کہ گنے چنے ہی مواقع دستیاب ہیں لیکن دوسری طرف پانی کی طرح روپے پیسے خرچ کر کے اور اپنی جان تک کا خطرہ مول لے کے یہ نوجوا ن جسطرح یورپ پہنچتے ہیں، اس سے کہیں کم سرمائے اور قربانی سے پاکستان میں بھی تسلی بخش اور حوصلہ افزاء نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں بس شرط یہ ہے کہ نیت صاف ہو یعنی اپنے عزیز و اقارب اور اپنے گردونواح بسنے والے ہم وطنوں پر اپنی جھوٹی انا کی تسکین کے لئے دھاک بٹھانا مقصود نہ ہو اور راتوں رات امیر بننے کا بھوت بھی سر پر سوار نہ ہو۔ ہم سب جانتے ہیں کہ کسی معجزے کے انتظار میں بیٹھی اس قوم کے لئے یہ بہت مشکل ہے پر ناممکن نہیں۔ بقول فراز

شکوہ ظلمت شب سے تو بہتر تھا اپنے حصے کا چراغ جلاتے جاتے اب آئیے اصلی کہانی کی طرف کیونکہ اوپر والی دونوں کہانیاں مکمل جھوٹی نہیں ہیں اور یہ مکمل سچی بھی نہیں ہیں کیونکہ نہ تو حبیب نے خودکشی کی اور نہ ہی اس کی مراد بر آئی دراصل سرخاب نے حبیب کے پروپوزل کو باوجوہ درخور اعتنا نہ سمجھا اور تہذیب و شائستگی کے دائرے میں اپنا فیصلہ رجسٹر کروا کے چلتی بنی۔ اس واقعے سے حبیب میں موجود تھوڑی بہت شوخی کی رمق بھی جاتی رہی۔

ایک بڑی ملٹی نیشنل میں اپنی زندگی کے بیش قیمتاور بھرپور 15 سال پھونک کر اسے اندازہ ہوا کہ اب آگے کچھ نہیں ہے لہذا اپنے کردار اور تجربے کی بنیاد پر اپنے چند ایک قریبی دوستوں کے ساتھ مل کر اس نے امپورٹ ایکسپورٹ کا کاروبار شروع کیا اور وہی رسک لیا جس کا جانے انجانے میں بل گیٹس، وارن بوفے، سٹیو جابز، لکشمی متل، مکیش امبانی، مہندر دھونی، مارک زکربرگ اور جیک ما جیسی ہستیاں گاہے بگاہے اپنے فرمودات میں ذکر کرتی رہتی ہیں

پروردگار نے خوب فیاضی دکھائی۔ یہاں تک کہ حبیب کا اکلوتا بیٹا بھی اسی کمپنی کی گاڑی میں یونیورسٹی آنے جانے لگا جس میں کبھی سرخاب آیا کرتی تھی، لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ وہ خود کہاں ہے۔ معلوم نہیں۔ دراصل حبیب نے اس مقام تک پہنچتے پہنچتے اپنی نیت کو بالکل صاف رکھا لہذا اسے اب سرخاب کے ہونے یا نہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔