سعودی عرب میں ایک اور شہزادہ گرفتار: شاہی خاندان کے گرفتار افراد کی تعداد چار ہو گئی
سعودی حکومت نے ولی عہد کے اہم ترین سیاسی حریفوں کو راستے سے ہٹانے اور محمد بن سلمان کی بادشاہت کا راستہ ہموار کرنے کے لیے چار شہزادوں کو غداری کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔
فارس خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی حکومت نے ایک اور شہزادے نایف بن احمد کو جو اس سے پہلے انٹیلی جنس ادارے کے سربراہ تھے، گرفتار کر لیا ہے اور اس طرح گرفتار ہونے والے شہزادوں کی تعداد چار ہو گئی ہے۔
جمعے کی شب شاہ سلمان کے بھائی شہزادہ احمد بن عبدالعزیز اور سابق ولی عہد محمد بن نائف کو جیل میں بند کردیا گیا تھا۔
کہا جارہا ہے کہ گرفتاری سے قبل شاہی گارڈ کے اہلکاروں نے احمد بن عبدالعزیز اور محمد بن نائف سے ان کے محل میں تفتیش بھی کی تھی۔
بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی بادشاہ سلمان بن عبد العزیز کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے اور ان کی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے، محمد بن سلمان نے حالیہ اقدامات کئے ہیں۔
البتہ اس قسم کی گرفتاریاں سعودی عرب میں پہلی بار نہیں ہو رہی ہیں اور یہ سلسلہ ماضی میں بھی بارہا دہرایا جاتا رہا ہے۔ اس سے قبل بھی آل سعود کے ولیعہد محمد بن سلمان نے دو سو سے زائد شہزادوں کو گرفتار کروایا تھا تاہم سو ارب ڈالر سے زیادہ کی رقم وصول کرنے کے بعد ان میں سے بعض کو رہا کر دیا گیا تھا۔


