کورونا وائرس: پنجاب میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی


پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کے خدشات کے پیشِ نظر صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے جس کے تحت چار سے زائد افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی ہوگی، عوام کی مدد کیلئے ہیلپ لائن 1033 بھی قائم کر دی گئی۔

چیف سیکریٹری پنجاب کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کا نفاذ 3 ہفتے کیلئے کیا گیا ہے، تمام تعلیمی ادارے بھی بند کر دیئے ہیں، ٹیچنگ اسٹاف کے داخلے پر بھی پابندی ہو گی۔

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی سربراہی میں کورونا وائرس کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں چیف سیکریٹری پنجاب سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام پارکس، چڑیا گھر اور دیگر تفریحی مقامات عوام کے لئے بند رہیں گے، ایران اور دیگر علاقوں سے زائرین کو لانے والی بسوں میں اسپرے کیا جائے گا، زائرین کے لواحقین کو احتیاطی تدابیر کے بارے میں ویڈیوز کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔

لاہور، ملتان اور راولپنڈی کے بعد باقی 6 ڈویژنوں میں بھی ایک ایک اسپتال کورونا مریضوں کے لئے مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ تمام پرائیویٹ لیبز کو حکومت کی طرف سے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے لئے سرکاری کٹس فراہم کرنے کی تجویز بھی زیرِغور آئی۔

چیف سیکریٹری پنجاب نے کہا کہ نیشنل ایمرجنسی کے دوران اشیائے خورونوش ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔

اجلاس میں آئی جی پنجاب پولیس کا کہنا تھا کہ حفاظتی اقدامات کے طور پر تمام پولیس ٹریننگ سینٹرز میں ٹریننگ سیشنز روک دیئے گئے ہیں، پولیس لائنز میں جوانوں کی پریڈ پر بھی پابندی ہو گی، پولیس لائنز میں کورونا وائرس سے متعلق آگاہی کیلئے جوانوں کو تربیت بھی دی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ محکمہ پولیس میں محکمانہ ترقیوں سمیت ہر قسم کے امتحانات بھی ملتوی کر دیئے گئے ہیں، پنجاب پولیس کے لئے کالا شاہ کاکو کے قریب فوری طور پر قرنطینہ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آ چکا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments