رویت ہلال فیم مفتی منیب الرحمان سے پھر تحمل کا دامن چھوٹ گیا: سینئر اینکر محمد مالک پر برس پڑے


مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے مذہبی اسکالر جاوید غامدی سے مناظرے کے چیلنج پر سینئر اینکر محمد مالک کو سخت سست سنا دیں۔ انہوں نے کہا کہ کل سے 50 ٹی وی چینلز نے مسجد اور نماز کوموضوع بنایا ہوا ہے، آپ مسجد اور نماز کو ٹارگٹ کر رہے ہیں، لیکن بڑے بڑے اسٹور اور معروف بیکریاں کھلی ہوئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اینکر پرسن محمد مالک اپنے ٹاک شو پروگرام میں مفتی منیب الرحمان سے بار بار سوال دہراتے اور ٹوکتے رہے، جس پر مفتی منیب الرحمان غصے میں آ گئے۔ اور کہا کہ بات میں دخل اندازی کرنی ہے تو پروگرام بند کر دیں۔

محمد مالک مساجد کی بندش اور نماز سے متعلق مفتی منیب الرحمان پر زور دے رہے تھے کہ آپ مذہبی اسکالر جاوید احمد غامدی سے مناظرہ کرلیں۔ جس پر مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ میں نے کافی عرصے سے مناظرہ کرنا چھوڑ دیا ہے۔ آپ لبرلز ہیں، آپ جس طرح بات کرنا چاہتے ہیں، کریں اور جس کو مرضی بلا لیں۔ آپ لوگوں نے کل سے 50 ٹی وی چینلز پر مسجد اور نماز کو موضوع بنایا ہوا ہے، آپ مسجد اور نماز کو ٹارگٹ کررہے ہیں، لیکن بڑے بڑے اسٹور اور معروف بیکریاں کھلی ہوئی ہیں۔ لوگ اندر بیکریوں میں اندر آ جا رہے ہیں، وہاں رش ہے اور اس پر کوئی بات نہیں کی جا رہی۔ جب کہ مساجد اور نماز کو اجتماعی طور پر ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کے ساتھ تعاون کررہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر بھی مثبت پیغامات بھیجے گئے ہیں۔ لیکن آپ ڈکٹیٹ کررہے ہیں۔ اگر آپ مذہبی انقلاب لاسکتے ہیں تو بغیر تاخیر ابھی لے آئیں۔ جس پر محمد مالک نے کہا کہ ہم فیصلے نہیں کررہے، ہم تو سمجھنا چاہ رہے ہیں۔ مفتی منیب نے کہا کہ ہم بھی آپ جتنے ہی محب وطن اور محب انسانیت ہیں۔

Facebook Comments HS