ڈر بک رہا ہے


پردہ سرک رہا ہے، منظر واضح ہوتا جا رہا ہے۔ کل کی حیرت اور خوف کو نئی زبان مل رہی ہے۔ یہ تو معلوم نہیں کہ اس کھیل کا ڈراپ سین کیا ہوگا۔ مکلالمہ نگاری، ہدایت کاری، فنکاروں کا انتخاب اور اب تک ریلیز کیا جانے والا ٹریلرتو سب دیکھ رہے ہیں لیکن اس کھیل کو فنانس (بلکہ سرمایہ کاری) کرنے والے ابھی پردے میں ہیں، اور شاید ہمیشہ کی طرح پردے کے پیچھے ہی رہیں گے۔

بڑے مالیاتی اداروں کی صف بندی ہو چکی۔ ان اداروں پر انحصار کرنے والی حکومتوں کو پیغام پہنچ چکا۔ سب کو اس کھیل میں حصہ لینا ہے، کسی بھی حال میں۔ اور جو ابھی نہیں مانیں گے انہیں بعد میں زبردستی منوا لیا جائے گا۔

پرانے سکہ بند کھلاڑیوں کے ساتھ آج کی ہر دل عزیز، ہٹ آئیٹم چین پری کو بھی نمایاں رول دیا گیا ہے۔ بڑے بجٹ کا کھیل ہے اس لیے جذباتی مناظر پر انتہائی محنت کی گئی ہے تاکہ دیکھنے والے ایک لمحے کے لیے بھی پلکیں نہ جھپکا سکیں۔ کھیل کے پہلے حصے میں ابھی تک ہیرو کی فیملی کے ساتھ بھرپور زیادتی ہو رہی ہے تاکہ اگلے پارٹ میں ہیروگری کا بھرپور مظاہرہ کیا جا سکے۔

مشہوری کے طور پر مذہبی (خاص طور پر اسلامی) علاقوں میں مذہب اور سائنس کی بحث کو ہوا دی جا رہی ہے۔ آخرکار انہیں کے دم سے ہے گلشن کا کاروبار بھی اور رونق بھی۔ سرمایہ داروں کا یہ ایک سائیڈ بزنس ہے۔

آج اکیسویں صدی کے بیسویں سال کے تیسرے مہینے کی آخری تاریخ ہے۔ تقریباً تین ماہ سے جاری یہ کامیاب کھیل شاید اپنے آخری حصے میں ہے۔ پہلے پہل نارمل قیمت پر بکنے والی ٹکٹ اب بلیک میں بک رہی ہے۔ دھڑا دھڑ ایڈوانس بکنگ ہو رہی ہے۔ کامیاب کمپنی ہے جو ڈر اور خوف بیچتی ہے۔ انہیں پتہ ہے کہ صرف ڈر ہی سے لوگوں کی جیب خالی کروائی جا سکتی ہیں، وہ ڈر روس کا ہو، شدت پسندی کا یا وائرس کا۔