طبیبُ الاُمت صلى الله عليه وسلم


آج کورونا وائرس کی وجہ سے اُمت مسلمہ سمیت پوری دُنیا پریشان ہے۔ دُنیا کی ترقی یافتہ اور صحت کے شعبہ میں خود کو بہترین کہلوانے والے ممالک بھی کورونا وائرس کے سامنے بے بس نظر آتے ہیں۔ دُنیا کی سُپر پاور کہلانے والی طاقت امریکا میں روزانہ سترہ ہزار سے زائد مریض سامنے آرہے ہیں اور اس وقت کورونا کے مریضوں میں سرفہرست ہے۔ دوسرے نمبر پر یورپ جو دُنیا کی بہترین طبی سہولیات کا مرکز جانا جاتا تھا آج ان کی طبی سہولیات کورونا کے سامنے بے بس ہو چُکی ہیں اور سب سے زیادہ ہزاروں کی تعداد میں اموات بھی یورپ میں ہوئی ہیں۔ اس سب صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے سوال یہ اٹھتا ہے کہ کیا امت مسلمہ نے اس صورتحال سے کوئی سبق سیکھا؟

ہم نبی آخرالزماں محمد مصطفی ﷺ کے ماننے والے ہیں اور ہم اس بات پہ یقین بھی رکھتے ہیں کہ اللہ رب العزت نے ہر بیماری کا علاج رکھا ہے۔ ہمارے نبی کریم ﷺ کا ارشاد مبارکہ کا مفہوم ہے کہ ”اے اللہ کے بندو بیماریوں میں علاج کراؤ کیوں کہ اللہ تعالی نے کوئی ایسی بیماری نہیں بھیجی جس کا علاج نہ ہو“ ہمارا یقین آج انگریزی دواوں اور انگریزی طریقہ علاج کی طرف زیادہ ہے۔ آخر کیا وجہ ہے کہ گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ طب نبویؐ کو بھولتی جا رہی ہے۔ آج اگر دنیا طب نبویؐ کو اپنائے تو کوئی بھی لا علاج مرض باقی نہیں رہے گا۔ یہ دنیا تمام امراض سے پاک ہوگی انشاءاللہ

بلاشبہ دوائی کرنا سنت اور مستحب ہے۔ شفاء اللہ کے حکم سے ہی ہوتی ہے، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے بعض چیزوں کی طرف رہنمائی فرمائی ہے جن میں اللہ تعالیٰ نے شفاء رکھی ہے۔ ذیل میں ان کا ذکر ملاحظہ فرمائیں:

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا :

إنّ فی الحبّة السوداء شفاء مِنْ کل داء إلا السام
”کلونجی میں موت کے علاوہ ہر بیماری کی شفاء ہے۔ “
(صحیح بخاری : 5688، صحیح مسلم : 2215)
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
ثلاثٌ فیھِنَّ شِفاءٌ من کلِّ داءٍ ؛ إلَّا السَّامَ : السَّنا۔
”تین چیزوں میں سوائے موت کے ہر بیماری کے لیے شفاء ہے۔ ان میں سے ایک چیز سنائے مکی ہے۔ “
(السنن الکبری للنسائی : 3467، وسندھ حسن)
سیدنا سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا :

مَنْ تَصَبَّحَ کُلَّ یَوْمٍ سَبْعَ تَمَرَاتٍ عَجْوَةً لَمْ یَضُرَّھُ فِی ذَلِکَ الیَوْمِ سُمٌّ وَلاَ سِحْرٌ

”جو آدمی صبح کے وقت سات عجوہ کھجوریں کھا لے، اسے اس دن زہر اور جادو نقصان نہ دے سکے گا۔ “
(صحیح بخاری : 5769، صحیح مسلم : 2047)
شہد کے بارے میں فرمانِ الٰہی ہے
فِیھِ شِفَاءٌ لِلنَّاسِ
”اس میں لوگوں کے لیے شفاء ہے۔ “
(النحل:69)
حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی صلى اللہ علیھ وسلم نے فرمایا:
اِذَا اَکَلَ اَحَدُکُم مِنَ الطَّعَامِ فَلَا یَمسَح یَدَہ حَتیٰ یَلعَقَھَا ا و یُلعِقَھَا ( صحیح مسلم، الاشربة، باب استحباب لعق الاصابع حدیث : 2031 )

” جب تم میں سے کوئی کھانا کھائے تو وہ اپنا ہاتھ نہ پونچھے یہاں تک کہ اسے ( انگلیاں ) چاٹ لے یا چٹوالے۔ “

ایک خبر کے مطابق ”جرمنی کے طبی ماہرین نے تحقیق کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ انسان کی انگلیوں کے پوروں پر موجود خاص قسم کی پروٹین اسے دست، قے اور ہیضے جیسی بیماریوں سے بچاتی ہے۔ ماہرین کے مطابق وہ بیکٹیریا جنہیں“ ای کولائی ”کہتے ہیں، جب انگلیوں کی پوروں پر آتے ہیں تو پوروں پر موجود پروٹین ان مضر صحت بیکٹیریا کو ختم کر دیتی ہے۔ اس طرح یہ جراثیم انسانی جسم پر رہ کر مضر اثرات پیدا نہیں کرتے، خاص طور پر جب انسان کو پسینہ آتا ہے تو جراثیم کش پروٹین متحرک ہو جاتی ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اگر یہ پروٹین نہ ہوتی تو بچوں میں ہیضے، دست اور قے کی بیماریاں بہت زیادہ ہوتیں“۔

کھانے کے بعد انگلیاں چاٹنے کا حکم پیغمبر اسلام صلى اللہ علیھ وسلم نے چودہ صدی پہلے دیا اور اس میں جو حکمت کار فرما ہے اس کی تصدیق طبی سائنس داں اس دور میں کر رہے ہیں۔

اس کے علاوہ بھی لاتعداد احادیث مبارکہ اور آیات کریمہ موجود ہیں کہ جن میں مختلف بیماریوں سے شفاء کے بارے میں بیان فرمایا گیا ہے۔ میری تمام پڑھنے والوں سے یہ گزارش ہے کہ دوائی کا ستعمال ضرور کریں لیکن اس کے ساتھ ساتھ قرآن و حدیث میں بتائے گئے طریقہ علاج پہ عمل کو بھی اپنا معمول بنا لیں

دعا ہے اللہ سبحان و تعالی مجھے، میرے اہل و عیال، میرے چاہنے والوں، آپ سب اور آپ سب کے چاہنے والوں کو ہر طرح کی بیماری اور مصیبت سے محفوظ رکھے۔ دُنیا جہان میں جتنے بیمار ہیں رب کائنات ان سب کو شفاء کاملہ عاجلہ عطا فرمائے۔ جو کورونا وائرس آج دُنیا بھر میں تباہی مچائے ہوئے ہے رب سبحان و تعالی ہم سب کو اس بیماری سے محفوظ فرمائے


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments