سپریم کورٹ نے پنجاب حکومت کا سفر پر مشروط پابندی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا
سپریم کورٹ نے پنجاب حکومت کا بین الاضلاعی اور بین الصوبائی مشروط سفری پابندی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا ہے۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں ملک میں کورونا وائرس سے متعلق اقدامات سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے بین الصوبائی سفر کے لیے کورونا سرٹیفکیٹ کی پابندی کی پنجاب حکومت کی شرط کو کالعدم قرار دے دیا۔ سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ پنجاب یا کوئی دوسرا صوبہ آئینی طور پر شہریوں پر ایسی کوئی پابندیاں عائد نہیں کر سکتا۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر محکمہ داخلہ پنجاب نے ایک سے دوسرے ضلع جانے کے لیے کورونا مریضوں کا ٹیسٹ منفی آنا ضروری قرار دے دیا تھا۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق دوسرے اضلاع میں جانے کے لئے باقی افراد دفعہ 144 کے نفاذ پر عملدر آمد کریں، جبکہ فارم اے اور فارم بی صرف قرنطینہ مکمل کرنے اور صحتیاب ہوئے کورونا مریضوں کے لیے ہیں۔
محکمہ داخلہ نے مزید بتایا کہ صرف قرنطینہ میں 14 دن مکمل کرنےوالوں کے لیے پرفارما جاری کیا جائے گا۔ قرنطینہ میں 14 دن رہنے اور ٹیسٹ منفی آنے پر ہی مریض اپنے صوبے میں آسکیں گے۔


