سندھ حکومت پر تنقید کرنے پر وزیراعظم عمران خان کی علی زیدی اور فیصل واوڈا کو شاباش: کابینہ اجلاس کی اندرونی کہانی
کورونا وائرس بحران کے دوران سندھ اور وفاقی حکومت کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے سندھ حکومت پر تنقید کرنے پر علی زیدی اور فیصل واوڈ ا کو شاباش دی ہے ۔
نجی ٹی وی سماءنیوز نے ذرائع کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس کی اندرونی کہانی بتاتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے دوران اجلاس سندھ حکومت کے خلاف بیانا ت پر فیصل واوڈا اور علی زیدی کی تعریف کی اور کہا کہ آپ نے سندھ حکومت کے غلط اقدامات کو زبردست ایکسپوز کیا ہے۔ سندھ حکومت کی جلد بازی پر مشتمل فیصلوں کو عوام نے بھگتا ۔
نجی ٹی وی کا کہناتھا کہ سندھ ، پنجاب اور وفاق کے درمیان کورونا وائرس کے اقدامات پر چپقلش کا ذکر وفاقی کابینہ میں بھی ہوا۔ یاد رہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے سب سے پہلے لاک ڈاﺅن کیا گیا تھا جبکہ وزیراعظم عمران خان لاک ڈاﺅن کی حمایت سے انکار کرتے رہے تاہم بعدازاں پنجاب میں بھی جزوی لاک ڈاﺅن کیا گیا ۔
اس سلسلے کے بعد رقم اور راشن کی تقسیم کو لے کر سندھ اور وفاق کے درمیان کافی سیاسی اختلافات دیکھنے میں آئے اور پی ٹی آئی رہنما علی زیدی اور فیصل واوڈا اکثر مقامات پر سندھ حکومت کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دکھائی دیئے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنی پریس کانفرنس میں ہاتھ جوڑ کر کہا تھا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں ہے بلکہ کورونا وائرس سے لڑنے کا ہے ۔


