وزیر اعظم نے مجھے پہچانا ہی نہیں اور نہ مجھ سے بات کی:  فیصل ایدھی کا انکشاف


ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے انکشاف کیا ہے کہ وزیر اعظم آفس میں ہونے والی ملاقات میں وزیر اعظم نے انہیں پہچانا ہی نہیں۔ اور نہ ہی وہ یہ جانتے تھے کہ میں عبدالستار ایدھی کا بیٹا ہوں۔

نجی ٹی وی سماء کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے وزیر اعظم سے ہونے والی ملاقات کے بارے میں بتایا۔ فیصل ایدھی نے بتایا کہ شروع میں تو وزیر اعظم نے انہیں پہچانا ہی نہیں، 6 سے 7 منٹ ان کے دفتر میں بیٹھے رہے، اس دوران وزیر اعظم نے مجھ سے بات ہی نہیں کی لیکن جب اٹھ کر جانے لگے تو ایک صنعتکار نے میرا تعارف کرایا، جس کے بعد ہماری دروازے میں ہی آدھے منٹ کی بات ہوئی ۔

فیصل ایدھی نے بتایا کہ انہوں نے وزیر اعظم سے 2 درخواستیں کیں۔ ” میں نے وزیر اعظم سے کہا کہ ہم ایدھی یونیورسٹی بنانا چاہتے ہیں جس کی منظوری دلوا دیں۔ دوسرا میں نے ان سے کہا کہ ہم ریسکیو مقاصد کیلئے 10 سے 12 آئٹمز امپورٹ کرتے ہیں لیکن وفاقی حکومت اس پر ہم سے ٹیکس لے لیتی ہے۔ 2018 اور 2019 میں ہم نے ٹیکس اور ڈیوٹی کی مد میں 10 کروڑ روپے ادا کیے ہیں۔”

ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ نے بتایا کہ وزیر اعظم نے ان کی دونوں درخواستوں کے حوالے سے اپنے سیکرٹری سے کہا جس نے وہ اپنی ڈائری میں لکھ لیں۔

خیال رہے کہ ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے وزیر اعظم سے ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے کورونا ریلیف فنڈ کیلئے ایک کروڑ روپے بھی دیے تھے۔

Facebook Comments HS