رمضان میں نماز اور نماز تراویح گھر میں ہی پڑھوں گا، مولانا فضل الرحمان
جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ رمضان میں نماز اور نماز تراویح گھر میں ہی پڑھوں گا، جس مسئلے پر حکومت کے ساتھ اتفاق رائے ہوجاتا ہے، اس کا احترام کرنا چاہیے، ہمیں حدودوقیود کا خیال رکھنا چاہیے۔
انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں تمام مسالک کےعلماء کا اجلاس ہوا تھا، اس میں اپنی کچھ تجاویز دی تھیں۔ ابتدا میں ہماری اور ان کی تجاویز مشترکہ تھیں۔ بھارت کے علماء کی مساجد کے حوالے سے جو تجاویز آئیں وہ بھی تقریباً ہماری تجاویز کے برابر تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اتفاق رائے کے بعد میری ذاتی رائے بس ذاتی رائے رہ جاتی ہے۔ جس مسئلے پراتفاق رائے ہوجاتا ہے اس کا احترام کرنا چاہیے۔ ہمیں حدودوقیود کا خیال رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان میں گھر میں نماز ادا کروں گا اور تروایح بھی گھر میں پڑھوں گا۔
واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ملک بھر کے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کے درمیان رمضان المبارک میں مساجد میں عبادات کیلئے 20 نکات پر اتفاق ہو گیا ہے، جس کے تحت مساجد اور امام بارگاہوں میں قالین یا دریاں نہیں بچھائی جائیں گی، صاف فرش پر نماز پڑھی جائے گی، نماز سے پیشتر اور بعد میں مجمع لگانے سے گریز کیا جائے۔ نماز تراویح کیلئے مساجد اور امام بارگاہوں میں سحری و افطاری نہیں ہو گی۔


