مساجد و مدارس کے بجلی، گیس اور پانی کے بل چار ماہ کے لئے ختم کئے جائیں: علامہ طاہر اشرفی


پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور صدر وفاق المساجد و المدارس پاکستان کے سربراہ علامہ طاہر محمود اشرفی نے وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے دیگر طبقات کی طرح اہل مدارس و مساجد کیلئے بھی مشکلات پیدا ہو گئی ہیں۔ لہذا فوری طور پر مساجد و مدارس کے بجلی، گیس اور پانی کے بل چار ماہ کے لئے ختم کئے جائیں۔

تفصیلات کے مطابق علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی نے لاک ڈاؤن کی وجہ سے مدارس و مساجد کے مسائل پر وزیراعظم عمران خان کو خط لکھتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ رب العزت سے دعا گو ہوں کہ اللہ کریم غم اور کرب کے ان لمحات کو جلد از جلد ختم فرما دیں۔ کرونا کی وبا جو بلا شبہ ہمارے اعمال کا نتیجہ ہے اس سے نجات عطا فرما دیں اور ہم سب سے اسلام اور پاکستان کی خدمت لے لیں۔

انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے مدارس و مساجد بند ہیں۔ ماہ رجب تا ماہ شوال مدارس و مساجد کی امداد کرنے والے مخیر حضرات تعاون فرماتے تھے، اس سال چونکہ یہ وبا آ گئی ہے اور مدارس و مساجد بند ہیں، مساجد میں عوام الناس کا آنا ممنوع ہے لہذا دیگر طبقات کی طرح اہل مدارس و مساجد کیلئے بھی مشکلات پیدا ہو گئی ہیں۔ لہذا میری آپ سے گذارش ہے کہ از راہ مہربانی چار ماہ کیلئے ابتدائی طور پر مساجد و مدارس کے بجلی، گیس، پانی کے بل ختم کر دیے جائیں۔

انہوں نے مزید مطالبہ کیا ہے حکومت کی طرف سے جو ریلیف کے کاموں میں مدارس عربیہ کے اساتذہ، علماء و مشائخ، آئمہ، موذن اور خطباء کو بھی شریک کیا جائے۔

Facebook Comments HS