ڈاکٹر یاسمین راشد کی کورونا وائرس کے متعلق بے احتیاطی


وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ملتان میں پریس کانفرنس کے دوران کورونا وائرس کے متعلق کئی بار بے احتیاطی کی۔

ملتان میں پریس کانفرنس کے دوران وزیرصحت پنجاب نے سماجی دوری کا خیال رکھا اور نہ ہی ماسک لگایا۔ دوسروں کو ماسک لگانے کی تاکید کرنے والی ڈاکٹر یاسمین راشد پریس کانفرنس میں کئی بار کھانستی بھی رہیں۔ صوبائی وزیر صحت نے اس دوران کئی بار اپنا چہرہ بھی دوپٹے سے صاف کیا۔

ملتان سرکٹ ہاؤس میں میڈیا بریفنگ کے دوران ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ وہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے تحفظات دور کرنے ملتان آئی ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ جی ٹی روڈ کورونا وائرس سے متعلق ہمارا ہاٹ اسپاٹ ہے۔ نشتر اسپتال سے وینٹی لیٹر کہیں اور منتقل نہیں کیے گئے ہیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے مزید کہا کہ ڈاکٹرز کو این 95 ماسک دے دیے گئے ہیں، ایک این 95 ماسک سے ایک ہفتہ گزارا ہوجاتا ہے۔

واضح رہے کہ شاہ محمود نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ملتان میں ڈاکٹرز سے پتا چلا کہ انہیں ہیلتھ ڈپارٹمنٹ پنجاب سے سپورٹ نہیں ملی۔

Facebook Comments HS