جدید فکر کا اہم فلسفی: فرانسس بیکن
322 قبل مسیح میں ارسطو فوت ہوا۔ اس سے پہلے افلاطون اور سقراط دنیا چھوڑ گئے۔ یکے بعد دیگرے تین عظیم فلسفی رخصت ہوئے تو مغرب کی سرزمین سے فلسفہ تو جیسے روٹھ ہی گیا۔ اس نے ایسی ہجرت کی کہ پھر مغرب کی زمین تقریباً دو ہزار سال تک کسی بڑے فلسفی کی راہ تکتی رہی۔ ایسا نہیں کہ اس دوران فلسفہ پر کام نہیں ہوا۔ کام ہوا مگر وہ اتنا شاندار نہیں تھا کہ تاریخ میں کوئی مقام حاصل کر پاتا۔ روٹھے ہوئے فلسفے سے جو افکار جنم لے رہے تھے وہ زیادہ تر رواقیت کا ہی عکس تھے جو مایوسی، مردہ دلی، عارضی دنیا سے نفرت اور زندگی و موت کے متعلق بے حسی جیسے خیالات کا پرچار کر رہے تھے۔ عیسائیت بھی اس دور میں کچھ ایسی ہی مظلومیت کا عکس لیے دنیا میں پھیل رہی تھی۔ مظلومیت اور کفاروں کا پرچار کر کے اور جاندار فلسفہ کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھا کر پاپائیت اپنے استحصالی پنجے گاڑ چکی تھی۔
ایسے میں ایک تازہ ہوا کا جھونکا آیا۔ فرانسس بیکن 25 جنوری 1561 میں لندن میں پیدا ہوا۔ وہ جدید استقرائی طریقہ کار اور سائنسی طریقہ کار کی منطقی تنظیم کا بانی سمجھا جاتا ہے۔ اس کا تعلق ایک امیر اور با اثر خاندان سے تھا۔ زہانت اور متانت اس کی آبائی میراث تھی۔ 12 سال کی عمر میں بیکن کو کیمبرج کالج میں داخل کروایا گیا۔ تین سال بعد اس نے یہ کہہ کر کالج چھوڑ دیا کہ اس کا نصاب اور طریقہ تعلیم اچھا نہیں۔ اسے ارسطو کے فلسفہ سے شدید اختلاف پیدا ہوا اور اس نے تہیہ کیا کہ وہ فلسفہ کو عالمانہ تکرار سے نکال کر نئی زرخیزی اور تابناکی دے گا، اور اسے مفاد عامہ کے لیے مزید کارگر بنائے گا۔
محض 16 سال کی عمر میں بیکن کو فرانس کے سفارتی عملے میں شمولیت کی دعوت دی گئی، جو اس نے قبول کر لی۔ دو سال بعد، اپنے والد کی وفات پر، اسے سب چھوڑ کر واپس آنا پڑا۔ پھر کچھ سال اس نے فکر روزگار اور مطالعہ میں صرف کیے۔ 1583 میں، 23 سال کی عمر میں وہ پارلیمنٹ کا رکن منتخب ہوا، اور اپنی فہم و فراست سے بھری دلکش گفتگو سے سب کو اپنا گرویدہ بنا لیا۔ دوستیوں اور دشمنیوں کے اتار چڑھاؤ کے بیچ وہ آگے بڑھتا گیا۔ اٹارنی جنرل سے ہوتا ہوا لارڈ چانسلر کے عہدے تک پہنچا۔
اس کا سیاسی کیرئیر اس کی فلسفیانہ سرگرمیوں کے آڑے آتا رہا، مگر وہ دونوں کو ساتھ لے کر چلتا رہا۔ اس کے ادبی و فلسفیانہ مضامین، جنہوں نے چہار سو دھوم مچا رکھی تھی، میں بھی اس کی سیاسی اور فلسفیانہ زندگی کی تقسیم نظر آتی ہے۔ اس کے باوجود بیکن کے مضامین میں علم و دانش کا بہترین امتزاج سب کو اپنا گرویدہ بنا رہا تھا۔ ان میں ایسا گہرا اور پر اثر فلسفہ تھا جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ سب ایک ساتھ پڑھ کر ہضم کر لینا کسی کے بس کی بات نہیں۔ اس لیے ان مضامین کو آہستگی اور شائستگی سے پڑھ سمجھ کر ان کا لطف لینا چاہیے۔ بیکن کے مضامین کو انگریزی زبان و ادب کا ایسا قیمتی اثاثہ سمجھا جاتا ہے جس کی گود میں دانش و حکمت نے پرورش پائی۔
بیکن رواقی فلسفے کے خلاف تھا اور اس کے تحت دکھ سکھ کے معاملے میں بے نیازی کو کمزور اور مجبور دماغ کی اختراع سمجھتا تھا۔ اس نے کہا کہ یہ انسانی فطرت کے خلاف ہے، کیونکہ انسانی فطرت کو کچھ دیر کے لیے دبایا تو جا سکتا ہے مگر ہمیشہ کے لیے مٹایا نہیں جا سکتا۔ اپنی فطرت کو دبا لینے کا جشن انسان زیادہ دیر منا نہیں سکتا۔ انسانی فطرت کسی بھی واقع یا اشتعال سے دوبارہ جاگ سکتی ہے۔ اور دبی ہوئی فطرت کی واپسی اکثر پہلے سے زیادہ شدت کے ساتھ ہوتی ہے۔ اس کے الفاظ ہیں ”ایسی زندگی کا کیا فائدہ جو رواقی بے حسی کی وجہ سے پہلے ہی قبل از وقت موت کا شکار ہو چکی ہو۔ انسانوں کو اس بات کا ادراک ہونا چاہیے کہ زندگی کے اس تھیٹر میں تماشائی کا کردار صرف خدا اور فرشتوں کے لیے ہے“ ۔
بیکن نے سائنسی طریقہ کار پر نئے زاویوں سے بحث کی۔ وہ کہتا تھا کہ اگر ارسطو کے بعد دو ہزار سال تک سائنس ترقی نہیں کر پائی تو ہمیں یہ مان لینا چاہیے کہ وہ اب تک غلط راستے پر سفر کر رہی ہے۔ سائنس کو آگے لے جانے کے لیے ہمیں ان تمام بتوں کو توڑنا ہو گا، جو ہم ہزاروں سالوں سے پوجتے آ رہے ہیں۔ بتوں سے مراد وہ بری ذہنی عادات ہیں جو لوگوں کو مغالطے میں ڈالتی ہیں۔ یہ بت ایسے سراب ہیں جن کو ہم حقیقت سمجھ کر مانتے چلے آئے ہیں۔
ہم اپنی تحقیق کا آغاز اکثر ایسے مغالطوں سے کرتے ہیں جن کو حرف آخر سمجھا جاتا ہے۔ یہ ’حرف آخر‘ بھی پرکھے جانے چاہئیں کہ کیا واقعی یہ حرف آخر قرار دینے کی کسوٹی پر پورا اترتے بھی ہیں، کہ نہیں؟ اگر ہم اپنے مشاہدے یا تحقیق کا آغاز کسی فاسد مفروضے پر یقین کر کے کریں گے تو نتائج یقیناً غلط آئیں گے۔ لیکن اگر ہم کسی رائج مفروضے کو شک کی کسوٹی پر پرکھ کر اپنی تحقیق میں شامل کریں، تو نتائج بہتر آئیں گے۔
بیکن ان بتوں کو چار اقسام میں تقسیم کرتا ہے۔ پہلا ”قبیلے کے بت“ وہ ہیں جو انسانی دماغ میں وراثت سے آتے ہیں۔ انسان اپنے ان مغالطوں کو حرف آخر مان لیتا ہے اور اس کے مخالف خیالات و دلائل کو کوئی نہ کوئی توجیح گھڑ کے رد کر دیتا ہے۔ دوسرا ”غار کے بت“ یہ انسان کے ذاتی تعصبات پر مبنی ہوتے ہیں۔ وہ اپنی خیالی غار میں سے باہر دیکھ کر اشیا کی تشریح کرتا ہے۔ سائنسی دماغ کا اپنا غار ہوتا ہے اور شاعرانہ دماغ کا اپنا۔
اسی طرح مذہبی اور ملحد انسان بھی اپنے اپنے غار میں آنے والی روشنی کے مطابق دنیا کو دیکھ رہے ہوتے ہیں۔ تیسرا ”بازار کے بت“ وہ الفاظ جو لوگوں سے سن سن کر ہمارے ذہن میں ایسے راسخ ہو جاتے ہیں کہ ان سے ذہن کو نجات دلانا مشکل ہو جاتا ہے۔ چوتھا ”تھیٹر کے بت“ فاضل لوگوں کے افکار پر مبنی وہ نظام جو قدما سے چلتے آرہے ہیں۔
گو کہ بیکن سائنس میں انتہائی دلچسپی لیتا تھا، مگر اس نے اپنے دور میں ہونے والے اہم سائنسی کام کو اس کا اصل مقام نہ دیا۔ اس نے کوپرنیکس کے نظریے کا رد کیا۔ وہ کپلر کا بھی قائل نہ تھا جس نے فلکیات پر عمدہ کام لکھا، جس سے گیلیلیو بھی مستفید ہوا۔ بیکن نے استقرائی طریقہ مفروضات پر کافی زور دیا۔ اس کا خیال تھا کہ حقائق کا با ترتیب نظام اور معلومات کا ذخیرہ، صحیح مفروضات واضح کر دے گا۔ سائنسدانوں نے اسے ماننے سے انکار کیا۔ کیونکہ مفروضات کی تشکیل میں انتہائی محنت اور قابلیت درکار ہوتی ہے۔ مفروضات محض اصول اور معلومات کے ذریعے ایجاد نہیں ہوتے۔ جبکہ حقائق و شواہد کا انتخاب تو خود کسی مفروضے کا ابتدائی مرحلہ ہوتا ہے۔
بیکن نے انسان کے بارے میں کہا ”انسان دو ٹانگوں پہ کھڑے جانور نہیں، یہ لازوال دیوتا ہیں۔ خدا نے ہمیں اس دنیا جتنی وسیع روح عنائت کی، جو کہ اس دنیا سے بھی سیر نہیں ہو پا رہی“ ۔ ایک اور جگہ لکھا ”انسان تین طرح کے ہیں۔ پہلے وہ، جو اپنے ملکوں میں اپنی طاقت بڑھانا چاہتے ہیں، یہ نچلے درجے کے لوگ ہیں۔ دوسرے وہ، جو اپنے ملکوں اور لوگوں کی طاقت بڑھانا چاہتے ہیں، یہ قدرے بہتر ہیں۔ تیسرے وہ لوگ جو نسل انسانی کی طاقت اور غلبہ پوری کائنات تک بڑھانا چاہتے ہیں۔ یہ صحیح معنوں میں عظیم لوگ ہیں۔
بیکن اپنی آخری سانس تک کام کرتا رہا۔ 1662 میں رائل سوسائٹی قائم ہوئی جو آگے چل کر سائنسدانوں کی سب سے بڑی عالمی تنظیم بنی۔ اس تنظیم نے بیکن کو اپنے لیے ایک بہترین نمونہ اور فیضان قرار دیا۔ ہوبس مانتا ہے کہ اس کے مادیت پر کام میں بیکن کے سائنسی میکانکی کے کام نے بہت مدد کی۔ بیکن کے استقرائی طریقہ سے راہنمائی لے کر، لاک جیسے عظیم فلسفی نے اپنے ’تجرباتی نفسیات‘ کے کام کو آگے بڑھایا۔ بینتھم نے بیکن کے کام سے متاثر ہو کر ’افادیت اور اچھائی کی شناخت‘ جیسے فلسفے کو آگے بڑھایا۔ بیکن کو آخری عمر میں افسوس رہتا تھا کہ اسے سیاست کی بجائے فلسفے کو اپنا وقت دینا چاہیے تھا۔


