دیوار چین آؤٹ، دیوار امریکہ ان


\"saleemآج امریکی عوام نے اپنے لئے ایک نئے صدر اور ساری دنیا کے لئے ایک زبردست وزیراعظم کا انتخاب کیا ہے۔ ٹرمپ ایک شریف آدمی ہیں۔ وہ اپنے کام سے کام رکھتے ہیں اور کام کے حوالے سے قائداعظم کے فرمودات پر عمل کرتے ہیں۔ ان کی کامیابی کے راستے میں جو بھی رکاوٹ بننے کی کوشش کرے، اسے ہٹا دیتے ہیں۔ ہمیں پوری امید ہے کہ ٹرمپ امریکی عوام اور باقی دنیا کی توقعات پر پورا اتریں گے اور اس دنیا کو سیٹ کرنے کے لئے سارے وسائل بروئے کار لائیں گے۔ ان وسائل میں امریکہ سمیت کوئی سات آٹھ ملکوں میں بےکار پڑے ہوئے ایٹم بم بھی شامل ہیں۔

ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ امریکہ کے گرد ایک دیوار بنائیں گے اور امریکہ کو چین کے برابر لے آئیں گے۔ اس لئے کچھ عرصے بعد ساری دنیا سے دیواریں دیکھنے کے شوقین لوگ چین کی بجائے امریکہ جایا کریں گے۔ دیوار امریکہ دیکھنے کا ٹکٹ شروع میں تو کم ہو گا لیکن جلد ہی اس میں معقول اضافہ کر دیا جائے گا۔ اس طرح دیوار امریکہ کے ٹکٹ اور سیاحت سے امریکہ کی آمدنی بڑھے گی۔

دیوار امریکہ نئی ہونے کی وجہ سے چین کی دیوار سے زیادہ خوبصورت ہو گی۔ امریکی دیوار کا ایک اور فائدہ یہ ہو گا کہ اس کا ٹھیک اور مکمل تاریخ اور جغرافیہ سب کو معلوم ہو گا۔ ان باتوں میں کوئی ابہام نہیں ہو گا کہ کہاں سے شروع ہوتی اور کہاں تک جاتی ہے۔ کب بنائی کس نے بنائی اور کیوں بنائی۔ ساری باتیں بالکل واضح اور شفاف ہوں گی۔ چین کی دیوار تو اتنی پرانی ہے کہ اس کی تاریخ اور جغرافیہ کے متعلق یقین سے کچھ کہنا ممکن نہیں ہے۔ جتنی مرضی تاریخ پڑھ لو پھر بھی کچھ نہ کچھ شک شبہ رہ ہی جائے گا۔ امریکی دیوار تو سبھی لوگ اپنی آنکھوں سے بنتا دیکھیں گے اس لئے کوئی ابہام نہیں ہو گا۔

ہاں یہ ہو گا کہ کچھ لوگ اس دیوار کو صرف باہر سے دیکھ سکیں گے کیونکہ ٹرمپ انہیں امریکہ کے اندر گھسنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ یہ کچھ بہت برے اور جرائم پیشہ لوگ ہیں۔ یہی لوگ امریکہ کے گریٹ بننے کی راہ میں دیوار بننے کی کوشش کر رہے تھے لیکن اب ان کے دن گئے۔ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ امریکہ کی اس حفاظتی دیوار کا خرچہ تو میکسیکو والے دیں گے ہاں البتہ دیوار کے باہر کی جانب مسجدیں بنانے اور چلانے کا خرچہ سعودی عرب اور کویت دیں گے۔ دیوار کو باہر سے دیکھنے والے زیادہ تر لوگوں وہی ہوں گے جنہیں مسجدوں میں جانے کی بہت عادت اور ضرورت ہوتی ہے۔

دیوار امریکہ جونہی بن جائے گی تو غیرقانونی پناہ گزینوں کو امریکہ سے ڈیپورٹ کرنا بھی بہت آسان ہو جائے گا۔ ایسے سارے لوگوں کو دیوار کے قریب لائیں گے اور انہیں اٹھا کر دیوار امریکہ سے ایسے باہر پھینک دیں گے جیسے قصائی بکروں کو پھیکتا ہے۔ اس طرح سے امریکہ کے غیر قانونی پناہ گزینوں کو امریکہ سے ڈیپورٹ کرنے کا خرچہ بھی بچے گا۔

ٹرمپ نے بتایا کہ امریکہ اور سفید فارم امریکیوں میں کسی چیز کی کمی نہیں ہے اس لئے امریکہ بہت ترقی کرے گا اور بہت جلد گریٹ بن جائے گا۔ انہوں نے فرمایا کہ امریکہ اب کسی امیر ملک کی سستے داموں چوکیداری نہیں کرے گا۔ جو بھی اپنی سرحدوں کی حفاظت امریکی فوج سے کرانا چاہتا ہے اسے پوری فیس دینا ہو گی یا پھر اپنی حفاظتی دیوار بنا لیں اور دیوار کا خرچہ میکسیکو سے لے لیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ امریکی عوام بہت اچھے اور سیانے ہیں۔ وہ کسی غلط شخص کو ووٹ نہیں دیتے۔ ہاں البتہ ٹیکس چوری کرنا یا عوتوں کے ساتھ جنسی بدسلوکی کرنے جیسے چھوٹ موٹے الزامات اور واقعات کی کوئی اہمیت نہیں اور ایسی باتوں سے اب امریکی عوام بے وقوف نہیں بنیں گے۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ عورتوں اور ہم جنس پرستوں کی بہت عزت کرتے ہیں۔ انہیں تحفوں میں فرنیچر تک دے دیتے ہیں۔ ہاں البتہ بند کمرے میں \”پکڑ دھکڑ\” وغیرہ کر لیتے ہیں۔

اسی طرح سے مسلمانوں کی اکثریت کو دہشت گرد کہنا یا سیاہ فام لوگوں کو پراپرٹی کرائے پر نہ دینا کوئی خاطر خواہ الزام نہیں ہیں کیونکہ مسلمان دہشت گردی کرتے ہیں اور سیاہ فام لوگ بھی کرائے کے گھروں کا اتنا خیال نہیں رکھتے تھے انہیں گندہ کر دیتے تھے۔ انہوں نے صدر اوبامہ کو بھی مشورہ دیا کہ اپنی بیوی سے کہے کہ گھر پر رہے اور وائیٹ ہاؤس کی صفائی پر دھیان دے اور ہیلری کے ساتھ مل کر تقریریں کرنے پر اپنا وقت ضائع نہ کرے۔ انہوں نے اوبامہ کو خبردار کیا کہ وہ وائیٹ ہاؤس چھوڑنے سے پہلے اچھی طرح صفائی کرا دیں۔

سلیم ملک

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

سلیم ملک

سلیم ملک پاکستان میں شخصی آزادی کے راج کا خواب دیکھتا ہے۔ انوکھا لاڈلا کھیلن کو مانگے چاند۔

salim-malik has 355 posts and counting.See all posts by salim-malik

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments