ہر سانس یہ کہتی ہے


انسان کی زندگی کے بنیادی طور پر دو پہلو ہیں۔ فکری پہلو اور عملی پہلو یعنی یا وہ سوچتا ہے یا وہ کرتا ہے۔ انسان زندگی میں ویسے ہی اعمال سرانجام دیتا ہے جس طرح کی اس کی سوچ، نظریات اور عقائد و تصورات ہوتے ہیں۔ سوچ انسان کے جملہ اعمال کی محرک ہوتی ہے اور انسانی جسم پر حکمرانی کرتی ہے۔ اس لیے کہا جاسکتا ہے کہ انسان کے تمام اعمال اس کی سوچ کے تابع ہوتے ہیں۔

انسان جب خدا تعالیٰ کی نعمتوں کا ادراک کرتا ہے تو اس کے ذہن میں خدا کے احسانات کے اعتراف و تشکر کی سوچ پنپتی ہے۔ وہ اس سوچ کے مطابق عملی زندگی استوار کرنے کی کوشش کرتا ہے اور حتی الوسع زندگی کے شب و روز اسی کی رضا اور شکر میں گزارنے کی کوشش کرتا ہے کیونکہ وہ یہ بھی جانتا ہے کہ شکر ہی کے ذریعے وہ دنیا اور آخرت میں اللہ کی مزید نعمتوں کا مستحق اور امیدوار بن سکتا ہے۔

قرآن مجید میں ارشاد ہے
اگر تم شکر کرو گے تو میں تمہیں اور دوں گا۔
اللہ تعالیٰ نے انسان کو بے حد و حساب نعمتوں سے نوازا ہے۔ قرآن مجید میں ارشاد ہے۔
اگر تم اس کی نعمتوں کو شمار کرو تو گن نہ سکو گے۔

اللہ کی ان نعمتوں میں سے ایک نعمت انسان کا سانس ہے، سانس ویسے تو انسانی جسم کا ایک فعل ہے مگر یہ زندگی کا استعارہ ہے۔ سانس رک جانے سے زندگی ختم ہوجاتی ہے۔ پوری دنیا کو لپیٹ میں لینے والا کورونا وائرس جس کی وجہ سے لاکھوں انسانوں لقمۂ اجل بنے۔ یہ وائرس اس وقت منتقل ہوتا ہے جب آپ سانس لیتے ہیں۔ سب سے پہلے یہ وائرس ان خلیوں کو متاثر کرتا ہے جو آپ کے گلے، سانس کی نالی اور پھیپھڑوں میں ہوتے ہیں۔ ابتدائی طور پر خشک کھانسی ہوتی ہے، سانس اکھڑنے لگتا ہے اور سانس لینے میں دشواری ہونے لگتی ہے۔ کچھ لوگوں کو سانس لینے کے لئے وینٹی لیٹر کا سہارا لینا پڑتا ہے۔ اس وائرس کی وجہ سے جسم میں ضرورت کے مطابق آکسیجن نہیں پہنچ پاتی۔ جس کی بنا پر گردوں کی صفائی کا عمل رک جاتا ہے۔ آنتوں کی تہیں خراب ہو جاتی ہیں اور انسان دم توڑ جاتا ہے

بلاشبہ سانس کی بحالی ہماری زندگی کی بنیادی ضرورت ہے۔ ہم کھائے پئے بغیر تو کچھ دن جی سکتے ہیں مگر بغیر سانس کے زندہ نہیں رہ سکتے۔ شیخ سعدی رحمۃ اللہ علیہ نے ”گلستان“ میں سانس کا تذکرہ کچھ یوں کیا تھا کہ سانس لینے میں اللہ کی دو نعمتیں ہیں۔ ایک وہ جب آپ سانس اندر لے کر جاتے ہیں اور زندگی پاتے ہیں دوسری وہ جب آپ وہ سانس باہر نکال کر فرحت محسوس کرتے ہیں۔ سانس لینے کے عمل میں ہم کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کرتے ہیں اور آکسیجن جذب کرتے ہیں۔ یہ آکسیجن ہمارے خلیوں کو صاف کر کے ہماری زندگی کو قائم رکھتی ہے۔ پیدائش سے لے کر موت تک بغیر کسی وقفے کے یہ عمل جاری رہتا ہے۔ ہم روزانہ گیارہ ہزار لیٹر آکسیجن فضا سے اپنے جسم کو منتقل کرتے ہیں جو ہمیں اللہ تعالی کی طرف سے بلا معاوضہ ملتی ہے۔ جس طرح دیگر نعمتیں منعم کی جانب ہماری توجہ مرکوز کرواتی ہیں اسی طرح سانس کا چلنا بھی اس کی موجودگی کا احساس دلاتا ہے۔

ہر ذرہ چمکتا ہے انوار الہی سے
ہر سانس یہ کہتی ہے ہم ہیں تو خدا بھی ہے
اس لیے ہم پر لازم ہے ہم ہر سانس کے ساتھ رب کا شکر ادا کرتے رہیں۔
اے ہماری سانسوں کے مالک ہماری سانسوں کو ہر جان لیوا وائرس سے محفوظ فرما۔