شاہد خاقان عباسی کورونا کا شکار ہوگئے


سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی کی کورونا وائرس ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے۔ طبی رپورٹ کے بعد سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اپنی رہائش گاہ پر قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی ان اپوزیشن رہنماؤں میں شامل ہیں جو کرونا وائرس سے نمٹنے کی حکمت عملی کے متعلق حکومت کو سخت ہدف تنقید بناتے رہے ہیں۔ تاہم اب وہ خود بھی کرونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ یہ بھی اہم ہے کہ شاہد خاقان عباسی کو عوامی جگہوں پر بھی کم ہی ماسک پہنے دیکھا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں ناصرف کورونا کیسز کی تعداد میں بلکہ اس سے اموات میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ملک میں اب تک قومی و صوبائی اسمبلیوں کے کئی ارکان وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں جب کہ کچھ وائرس سے انتقال بھی کر گئے۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری کا دعویٰ ہے کہ ارکان قومی اسمبلی کی بڑی تعداد ایوان کا اجلاس بلانے کے بعد کرونا کا شکار ہوئی ہے۔

Facebook Comments HS