اجنبی بازار میں جان پہچان


کیسی عجیب بات ہے اکثر انجان لوگ بھی اچھی بھلی واقفیت نکالنے لگتے۔
کیا ہوا!
آپ کو نہیں معلوم تھا کیا!
لیجیے ابھی آپ کی یہ پریشانی بھی دور کیے دیتے ہیں۔

یہ اس روز کی بات ہے جب مجھے اچانک کپڑوں کے بارے میں معلومات چاہیے تھی۔ میں نے ایک دکاندار سے سرسری سی بات چیت کے بعد کپڑوں کے رنگوں، نت نئے ڈیزائنز، خوشگوار کمپوزیشن اور چلتے ٹرینڈز پر بحث کی۔ اس بحث کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچی کہ دکاندار کے مطابق ہر رنگ مجھ پر جچتا ہے۔ ہر کمپوزیشن ناپ تول کر میرے ہی لیے بنی ہے۔ اور ہر ٹرینڈ میری پرسونیلیٹی پر کیا خوب سوٹ کرتا ہے۔

لہذا میں اس ملاقات میں یہ تو نا سمجھ پائی کہ میں سروے کرنے گئی تھی یا اپنی جیب ہلکی کرنے۔

اور اس سارے قصے میں ایک اہم بات تو بتانا بھول ہی گئی۔ ایک دکاندار صاحب تو ہمارا بائیو ڈیٹا یوں معلوم کرنے لگے جیسے نادرہ کے کاغذات وہی پر کریں گے۔

کچھ دکاندار تو اتنے مہمان نواز نکلے کہ فوراً سے بوتل، چائے، سموسہ اور میٹھے میں برفی کی فہرست بھی سنا ڈالی۔ بس اس دن مجھے زیادہ بھوک نہ تھی ورنہ کون بھلا مانس انکار کرتا ہے جی۔ اور کچھ دکانوں میں اتنا رش تھا جیسے لان کے سوٹ کی بریانی مفت بٹ رہی ہو۔

سب خواتین پہلے آئیے پہلے پائیے کی آواز پر لان کی بریانی سے پلیٹیں بھر بھر کر لے جا رہی ہوں۔ ابھی یہ معاملہ ٹھنڈا نہ ہوا تھا کہ اتنے میں ایک بھاری وجود کی آنٹی نما عورت مجھ سے ٹکرا گئیں۔ میں ہوا میں کٹی پتنگ کی طرح دور جا گری۔ مجال ہے کہ کسی عورت نے مجھے آسرا دیا ہو۔

اس کام میں بھی آخر دیالو دکاندار ہی کام آئے۔

واقعی مرد بہت مہمان نواز ہوتے ہیں۔ اس واقعے کے بعد میں تو فین ہو گئی ہوں مرد دکانداروں کے اس ہنر کی۔

ارے اس کے بعد کیا ہوا یہ تو بتانا بھول ہی گئی میں۔ عورت کا بوجھ اٹھانے کی صلاحیت صرف ایک مرد میں ہی کیوں ہو سکتی ہے اس بات کا یقین مجھے تب ہوا جب دو تین سیلرز نے میرا سامان ایک ساتھ اٹھانے پر بحث کی۔

جب معاملہ گرم ہوتا دکھائی دیا تو پاس کھڑے ایک خوبرو انکل نما جوان نے بھاری سی آواز میں کہا:
” ارے بھائی کس بات کا جھگڑا ہے؟“
یہ ایک شاپنگ بیگ تم پکڑو اور دوسرا تم اور بہن کو باہر تک چھوڑ آو۔

یہ سنتے ہی دونوں کو سانپ سونگھ گیا اب بیچارے اپنے اپنے کام میں مگن نظر آنے لگے اور بالاخر ہم اور ہماری تنہائی اور کچھ قیمتی لان کے سوٹ باآسانی گھر لوٹ آئے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments