مالی شفافیت اور نواز شریف کی کمزور شاعری


\"wajahat1\"معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔ پانچ اجلاس ہوچکے ہیں۔ آئندہ سماعت 30 نومبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ خیام نے کہا تھا کہ لکھنے والی انگلی لکھتی ہے اور آگے بڑھ جاتی ہے۔ لکھنے والی انگلی کی اس خفیف حرکت کے وقفے میں بہت سا پانی پلوں کے نیچے سے بہہ جاتا ہے۔ یہ ہم سے بہتر کون جانتا ہے۔ ہم ایک مدت سے سیلابی ندی نالوں کے کناروں پر امید کے مفروضہ خیموں تلے سر چھپائے بیٹھے ہیں۔17 نومبر کی سماعت اپنے اندر معانی کا ایک جہاں سمیٹے ہوئے تھی۔ کمرہ عدالت میں حامد خان، نعیم بخاری اور بابر اعوان جیسے بیدار مغز قانون دان رونق افروز تھے۔ عمران خان، سراج الحق اور شیخ رشید پہلو بہ پہلو تشریف فرما تھے۔ علم فلکیات میں ستاروں کی مرتب نشست کو کہکشاں کہا جاتا ہے۔ عزت ماب جج صاحبان اور محترم وکلا کے مابین مکالموں سے کوئی نتیجہ نکالنا صحافی کا منصب نہیں۔ کمرہ عدالت میں ہونے والی کارروائی کا فیصلہ جج کا قلم لکھتا ہے۔ اس کے لئے ابھی انتظار کرنا ہوگا۔ آئیے اس دوران شیکسپئیر کے کھیل جولیس سیزر کے تیسرے ایکٹ کا تیسرا منظر دیکھتے ہیں۔

عوام بغاوت کر چکے ہیں اور حکمران اشرافیہ کو چن چن کر ٹھکانے لگا رہے ہیں۔ سیزر کے ایک قریبی معتمد کا نام سینا ہے۔ اتفاق سے روم میں سینا نام کا ایک معروف شاعر بھی رہتا ہے۔ باغیوں کا گروہ ایک شخص کو روک کر نام پوچھتا ہے۔ وہ اپنا نام سینا بتاتا ہے۔ ہجوم سے ایک چنگھاڑ بلند ہوتی ہے \”مار ڈالو۔ یہی ہے وہ سازشی سینا\”۔ گھیرے میں آیا ہوا شخص لجاجت سے کہتا ہے مگر میں تو شاعر سینا ہوں۔ ہجوم یک زبان ہو کر چلاتا ہے ٹھیک ہے پھر اسے بری شاعری لکھنے کے جرم میں مار دینا چاہئے۔ صاحبان، اگر ہدف کسی کی گردن مارنا ہی ہے تو اس سے کیا فرق پڑتا ہے کہ جرم مالی بدعنوانی سے تعلق رکھتا ہے یا شعر میں سکتہ پڑتا ہے۔الزام میں جہاں جھول ہوا، اسد کھرل کی بلند پایہ تصنیف سے رخنہ پورا کیا جا سکتا ہے۔ اسد کا نام \"quaid-e-azam-fatima-ayub-khan\"تو ہماری کلاسیکی روایت میں آیا ہے۔ میرے شیر تجھ پہ ہو رحمت خدا کی…. انجم رومانی نے کیسا بولتا ہوا مصرع لکھا تھا۔ ہے واقعہ کچھ اور، حکایت کچھ اور ہے۔ واقعے کی کھوج لگانا عدالت عظمیٰ کا منصب ہے۔ ہم دشت خجالت کے راہرو حکایت کا کچھ ذکر کرتے ہیں۔
ہمارے پرکھوں نے آٹھ دہائیاں پہلے نوآبادیاتی نظام سے اس اصول پر آزادی حاصل کی کہ ہر دھرتی کے باسی وہاں حکومت کرنے کا حق رکھتے ہیں۔ عوام کے حق حکمرانی میں ایک خلل تو یہ آیا کہ کچھ ملکوں میں آزادی کے لئے مسلح جدوجہد کرنی پڑی مثلاً الجزائر۔ ہتھیار سے جیتی ہوئی یہ آزادی ریاست کے ہتھیار بردار اداروں کے لئے حکمرانی کا دعویٰ قرار پائی۔ کچھ ممالک میں سیاسی عمل کے ذریعہ آزادی حاصل کی گئی جیسے دو جون1947 کی شام شملہ کے دفتر میں میز کے گرد بیٹھ کر ہمارے ملک کی آزادی کا فیصلہ ہوا۔ ان ممالک میں عوام کے حق حکمرانی پر نقب لگانے کے لئے دو جواز تراشے گئے، نااہلی اور بدعنوانی۔ پہلا الزام یہ کہ جنہوں نے آزادی حاصل کی، وہ ریاست چلانے کی اہلیت نہیں رکھتے۔ 1953 میں گورنر جنرل غلام محمد نے خواجہ ناظم الدین کو برطرف کرتے ہوئے یہی دو الزام لگائے تھے۔ اہلیت کا حقیقی جواز تو عوام کی تائید ہے۔ عوام کی تائید کا سائبان ہٹ جائے تو اہلیت کا فیصلہ حرف نصاب سے نہیں، ہتھیار سے طے پاتا ہے۔ حتمی تجزیے میں اقتدار بندوق بردار کے پاس پہنچ جاتا ہے۔ ہمارے ملک میں بھی غلام محمد، چوہدری محمد علی اور اسکندر مرزا اہلیت کا مقدمہ ہار گئے۔ یہ سوال اٹھانے کی ہمیں کبھی اجازت نہیں ملی کہ بعد ازاں عشرہ در عشرہ پیشہ ورانہ اہلیت اور غیر نصابی سرگرمیوں میں کس اہلیت کا مظاہرہ کیا گیا۔ اگر فیصلہ سازی کے اختیار میں یکسوئی نہیں تو نااہلیوں کی فرد جرم کمزور فریق کے گلے میں کیوں لٹکائی جاتی ہے۔

دوسرا جواز بدعنوانی کا تھا۔ مالی بدعنوانی سیاست میں ناقابل تلافی جرم ہے۔ اس سے قومیں تباہ ہوجاتی ہیں۔ ایک باریک نکتہ البتہ ہم فراموش کرتے رہے ہیں کہ الزام کو جرم میں تبدیل کرنے کے لئے اسے عدالت میں ثابت کرنا پڑتا ہے۔ ایک اور غیر اہم نکتہ یہ تھا کہ اگر بدعنوانی منصب سے ناجائز فائدہ اٹھانے کا نام ہے، اختیار سے تجاوز کرنے کا نام ہے اور قانون شکنی کا نام ہے تو آمریت سے بڑی بدعنوانی کیا ہوسکتی ہے۔ آمریت ناجائز طور پر اقتدار غصب کرنے کا نام ہے۔ ان قانونی موشگافیوں سے \"large-Mrقطع نظر، ہمارا مسئلہ تو مالی خورد برد سے تعلق رکھتا ہے۔ ہم نے ایبڈو کے ذریعہ سیاست کی پنیری اکھاڑی۔ ہم نے این اے رضوی اور جنرل غلام عمر کے ذریعہ دیانت دار سیاستدانوں کو سہارا دیا۔ سپریم کورٹ فیصلہ دے چکی ہے کہ مہران بینک کے ذریعہ دیانت دار سیاستدانوں کی کس طرح مدد کی گئی۔ ضیا الحق کے حکم پر وائٹ پیپر کی کئی جلدیں آئی ایچ برنی صاحب نے تصنیف کی تھیں۔ 1984 ء اور 2002ءکے ریفرنڈم شفافیت کا شاہکار تھے۔ غلام اسحاق خان، جام صادق علی اور سیف الرحمٰن دیانت کے بلوریں نمونے تھے۔ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے نیب کا ادارہ اسی لئے قائم کیا تھا کہ مالی طور پر شفاف سیاست دانوں کو مسلم لیگ (ق) اور پیپلز پارٹی (پیٹریاٹ) کے ذریعہ کاروبار مملکت میں شریک کیا جا سکے۔ این آر او بھی اس وسیع تر حکمت عملی کا ایک حصہ تھا۔ ہم نے ملک کے سب سے بدعنوان سیاست دان کو گیارہ برس تک قید رکھا لیکن الزام کو جرم ثابت نہیں کرسکے۔ جسٹس قیوم کی ٹیلی فونک گفت و شنید ہماری تاریخ کا حصہ ہے۔ جہاں تک مالی شفافیت کا تعلق ہے، ہم عدالت عظمیٰ پر پورا اعتماد رکھتے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ قانون کے مطابق انصاف کا پرچم بلند رکھا جائے گا۔ تاہم کم علم شہریوں کی حیثیت سے ہم اس تاثر کا اظہار کرنے پر مجبور ہیں کہ میمو گیٹ سے لے کر پانامہ کیس تک معاملہ بدعنوانی کا نہیں، اس کشاکش میں جمہوریت کی گردن ناپنے کا ولولہ کارفرما ہے۔ یہ مالی شفافیت کا معاملہ نہیں، جمہوریت کا سوال ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ پانامہ کیس میں بھلے نواز شریف کا نام نہیں ہو، اسے برے اشعار لکھنے پر سزا ملنی چاہئے۔


One thought on “مالی شفافیت اور نواز شریف کی کمزور شاعری”

  • 19/11/2016 at 6:51 صبح
    Permalink

    Every body analysing , Not even Socrate Socrate comes with solutions

Comments are closed.