آئیڈیاز 2016؛ ترکی کا پاکستان سے 52 سپر مشاق طیارے خریدنے کا معاہدہ


\"ideias\"

کراچی: پاکستان میں ’ہتھیار برائے امن‘ کے نام سے دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 کا دوسرا روز جاری ہے جس میں مختلف ممالک پاکستان کے ساتھ دفاعی معاہدوں میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے ایکسپو سینٹر میں جاری دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 کا دوسرا روز جاری ہے جس میں مختلف ممالک کے مندوبین اسلحے کی خریدو فروخت میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ دفاعی نمائش میں پاکستان اور ترکی کے درمیان 52 سپر مشاق طیاروں کی خریدو فروخت کا معاہدہ ہو چکا ہے، پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلیکس میں تیار کردہ سپر مشاق طیارے ترکی کو فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ ایک مقامی کمپنی نے بھی پاکسان ایرو ناٹیکل کمپلیکس کے ساتھ بھی ہتھیاروں کا معاہدہ ہوا ہے، مجموعی طور پر پاکستان کے 3 دفاعی معاہدے ہو چکے ہیں جب کہ 14 معاہدے ہونے کا امکان ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : پاکستان کا دفاعی سازوسامان امن کے فروغ کے لیے ہے، وزیراعظم

وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کئی ممالک کے ساتھ دفاعی معاہدے ہو چکے ہیں لیکن سب سے بڑا معاہدہ ترکی کے ساتھ ہوا ہے جس کے تحت پاکستان ترکی کو 2 سال کے عرصے میں 52 سپرمشاق طیارے فراہم کرے گے۔ اس کے علاوہ دیگر ممالک کے ساتھ بھی سپر مشاق طیاروں کی فروخت کے معاہدے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم نواز شریف نے آئیڈیاز 2016 کا افتتاح کیا تھا جب کہ اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت تینوں مسلح افواج كے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف كمیٹی، وزیر دفاع، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار سمیت دیگر وفاقی وزراء بھی موجود تھے۔

دفاعی نمائش 4 روز تک جاری رہے گی جس میں 43 ممالک كے 90 وفود شركت كررہے ہیں اور ان میں سے 30 مندوبین اعلیٰ سطح كے ہیں جن كی سربراہی ان ملكوں كے وزیر دفاع، ڈیفنس سیكریٹریز، چیف ڈیفنس اسٹاف یا حاضر چیفس کررہے ہیں، مجموعی طور پر 261 غیرملكی اور 157 پاكستانی كمپنیاں شریک ہیں جب كہ 34 ممالک كی 418 كمپنیاں نمائش میں اپنی مصنوعات پیش كررہی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments