پشاور بی آر ٹی کی ایک اور بس میں آگ لگ گئی، بس سروس معطل کر دی گئی


پشاور: ترجمان ٹرانس پشاور کا کہنا ہے کہ پشاور بی آر ٹی بس سروس معطل کردی گئی ہے اور تمام اسٹیشنزعارضی طور پر بند رہیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور کے علاقے حیات آباد کے قریب فیڈرروٹس پر بی آرٹی پشاور کی ایک اور بس میں آگ لگ گئی تاہم ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر آگ پرقابو پا لیا جب کہ آگ لگنے کے واقعہ میں تمام مسافرمحفوظ ہیں۔

دوسری جانب بس میں آگ لگنے کے واقعے کے بعد ترجمان ٹرانس پشاور نے بی آر ٹی بس سروس معطل کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بس کی سروس عارضی طورپرمعطل کردی گئی ہے اور بی آر ٹی بس کے تمام اسٹیشنزعارضی طور پر بند رہیں گے۔

ترجمان ٹرانس پشاور نے کہا کہ بی آر ٹی کی تمام بسوں کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا، مسافروں کی حفاظت ادارے کی اولین ترجیح ہے، بس بنانے والی کمپنی کی ٹیم مفصل انداز میں تمام بسوں کا جائزہ لے گی جب کہ بی آر ٹی کی دو بسوں میں لگنے والی آگ کی وجوہات پر تفتیش جاری ہے۔

ترجمان نے کہا کہ مزید تمام بسوں کی جامع تحقیقات اور انسپیکشن کی جائے گی اور بی آر ٹی کی ہر بس کو تکنیکی اعتبار سے مکمل کلئیر کرنے کے بعد بحال کیا جائے گا، شہریوں و مسافروں کے وسیع تر مفاد میں یہ فیصلہ لیا گیا۔
بشکریہ ایکسپریس نیوز


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).