کورونا وائرس: سعودی عرب کا سات ماہ کی پابندی کے بعد عمرہ کی ادائیگی کی مرحلہ وار اجازت دینے کا فیصلہ


حح

سعودی عرب کے حکام نے تقریباً سات ماہ کے وقفے کے بعد چار اکتوبر سے اپنے شہریوں اور رہائشیوں کو عمرہ ادا کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ سات ماہ قبل سعودی عرب سے عمرے کی ادائیگی پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر پابندی عائد کی تھی۔

سرکاری سعودی پریس ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق عمرہ کی بلا روک ٹوک اجازت بتدریج چار مراحل میں دی جائے گی۔

چار اکتوبر سے سعودی شہریوں اور باشندوں پر مشتمل چھ ہزار عمرہ زائرین کو روزانہ عمرہ ادا کرنے کی اجازت ہو گی جو کہ حکومت کی جانب سے مروجہ حفاظتی احتیاطی اقدامات کے تحت مسجد الحرام کی گنجائش کا 30 فیصد ہے۔18 اکتوبر سے عمرہ زائرین کی تعداد کو 75 فیصد گنجائش تک یعنی 15 ہزار تک لے جایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے

عمرے کے لیے سعودی عرب آمد پر عارضی پابندی

حج اس سال کون کرے گا، مناسک حج کی ادائیگی کتنی مختلف؟

سعودی عرب کا محدود حج کا اعلان، تاریخ میں حج کب کب منسوخ ہوا؟

جبکہ نومبر کے آغاز تک ان مخصوص ممالک سے جنھیں سعودی عرب کورونا کے حوالے سے محفوظ سمجھتا ہے پانچ ہزار عمرہ زائرین کو عمرہ ادائیگی کے لیے آنے کی اجازت ہو گی جس کے بعد سعودی حکام کی جانب سے حفاظتی اقدامات کے تحت مسجد الحرام میں زائرین کی کل تعداد 20 ہزار تک پہنچ جائے گی۔

عمرہ

اور جب متعلقہ حکام یہ سمجھیں گے کہ اب کورونا کی وبا کا خطرہ کم ہو گیا ہے تو معمول کی گنجائش کے مطابق مملکت میں رہنے والے اور بیرون ملک سے آنے والے زائرین کو عمرہ ادا کرنے کی اجازت ہو گی۔

واضح رہے کہ گذشتہ برس عمرہ کی ادائیگی کرنے والے افراد کی تعداد 19 ملین تھی۔ تاہم سعودی عرب نے رواں برس مارچ میں کورونا کی وبا کے پھیلاؤ کو محدود کرنے کے پیش نظر عمرہ ادائیگی کو معطل کر دیا تھا۔

رواں برس کورونا کے باعث سعودی حکومت کی جانب سے چند ہزار سعودی شہریوں اور رہائیشیوں کو حج کرنے کی اجازت دی گئی تھی جبکہ گذشتہ برسوں کے دوران تقریباً 30 لاکھ افراد نے ہر سال حج ادا کیا تھا۔

سرکاری اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ حج اور عمرہ سے سعودی عرب کو سالانہ 12 ارب ڈالر کی آمدنی ہوتی ہے۔

منگل کے روز تک سعودی عرب میں کورونا کےمتاثرین کی مجموعی تعداد تین لاکھ 30 ہزار سے زیادہ ہے جبکہ ملک میں ہلاکتوں کی کل تعداد 4542 ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp