سپریم کورٹ: نیب کو پُرتشدد جرائم میں ملوث افراد اور وائٹ کالر کرائم میں ملوث ملزمان میں فرق کرنا ہو گا


پاکستان کی سپریم کورٹ نے قومی احتساب بیورو یعنی نیب کی جانب سے ملزمان کو طویل عرصے تک حراست میں رکھنے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ نیب مقدمات میں ملزمان کو طویل عرصہ حراست میں رکھنا ناانصافی ہو گی۔

عدالت نے کہا ہے کہ پُرتشدد جرائم میں ملوث افراد اور وائٹ کالر کرائم میں ملوث ملزمان میں فرق کرنا ہو گا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے یہ نوٹس ڈائریکٹر فوڈ پنجاب محمد اجمل کی درخواستِ ضمانت پر سماعت کے دوران لیا گیا۔

جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے جمعہ کے روز اس درخواست ضمانت کی سماعت کی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان کے چیف جسٹس گلزار احمد نے ایک مقدمے کی سماعت کے دوران پاکستان میں موجود احتساب عدالتوں کو حکم دیا تھا کہ بدعنوانی کے مقدمات کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہو گی اور ان مقدمات کو زیر التوا نہیں رکھا جائے گا۔

بینچ کے سربراہ نے اس ریفرنس کی سماعت میں تاخیر سے متعلق جب نیب کے پراسکیوٹر سے وجوہات معلوم کیں تو اُنھوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مقدمات میں جو التوا دیا جاتا ہے اس کی وجہ سے یہ مقدمات اپنے منطقی انجام تک مقررہ وقت میں نہیں پہنچ پاتے۔

مزید پڑھیے

’نیب کا کام کرپشن کی روک تھام ہے اداروں کی اصلاح کرنا نہیں‘

’سیاسی بنیادوں‘ پر قائم برسوں پرانے مقدمے اب تک کیوں چل رہے ہیں؟

دودھ بیچنے والے کو نیب کے اعلیٰ افسران کے نمبر کس نے دیے: سپریم کورٹ

عدالت نیب کے پراسیکیوٹر کے جواب سے مطمئن نہیں ہوئی اور بینچ کے سربراہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اس تاخیر کی وجہ سے ملزمان کافی عرصے تک نیب کی تحویل یا پھر جیلوں میں رہتے ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ ایسے ملزمان جو کہ نیب کے مقدمات میں مطلوب ہوں تو ان کے رویے کے لحاظ سے ان کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ ملزمان کو گرفتار کرنے کے علاوہ اور طریقے بھی استعمال ہو سکتے ہیں جیسا کہ ملزمان کے پاسپورٹ، بینک اکاؤنٹس اور جائیداد پر کنٹرول کے ذریعے۔

انھوں نے کہا کہ اگر ملزمان کے معاشرے یا ٹرائل پر اثرانداز ہونے کا خطرہ ہو تو ہی گرفتار رکھا جا سکتا ہے۔

ملزم کے وکیل عابد ساقی نے عدالت کو بتایا کہ لاہور کی احتساب عدالت کے مطابق ان کے پاس 80 ریفرنس زیرالتوا ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ان کے مؤکل پر رواں برس اگست میں فرد جرم عائد کی گئی۔ انھوں نے کہا کہ ان کے مؤکل گذشتہ 14 ماہ سے نیب کی حراست میں ہیں۔

بینچ میں موجود جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیے کہ اگر 80 مقدمات ہیں تو اس کیس کی باری کب آئے گی؟

نیب کے پراسیکیوٹر عمران الحق نے عدالت کو یقین دہانی کروائی کہ نیب کسی ریفرنس میں بھی تاخیر نہیں کرے گا۔ انھوں نے کہا کہ اگر مقدمات کی سماعت میں تاخیر کی بنیاد پر ضمانتیں ملنا شروع ہو گئیں تو پھر ہر ملزم ضمانت مانگے گا۔

بینچ میں موجود جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ نیب کو سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے پر عمل کرنا ہو گا جو کہ مقدمات کی روزانہ سماعت کرنے کے بارے میں ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ اگر نیب کو روزانہ کی بنیاد پرمقدمات کی سماعت پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر کوئی اعتراض ہے تو وہ نظرثانی کی درخواست دائر کرسکتا ہے۔

نیب کے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ نیب کے حکام روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل کے فیصلے پر خوش ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ نیب کے حکام بھی چاہتے ہیں کہ مقدمات جلد ختم ہوں۔

عدالت نے نیب کے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ ملزم اجمل کے خلاف استغاثہ کے تمام 38 گواہان کے بیان کب تک ریکارڈ ہوں گے اور عدالت کو یہ بھی بتایا جائے کہ عام طور پر نیب مقدمات میں تاخیر کیوں ہوتی ہے۔ عدالت نے اس بارے میں لاہور کی احتساب عدالت سے بھی تفصیلات طلب کی ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سپریم کورٹ کے ایک بینچ نے رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق کی ضمانت کی درخواست پر نیب کی کارکردگی کے بارے میں اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ عدالت کی طرف سے آنے والی سخت آبزرویشن کے بارے میں نیب کے حکام نے سپریم کورٹ میں نظرثانی کی درخواست بھی دائر کر رکھی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32541 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp