70 جے ایف تھنڈر طیارے پاک فضائیہ کے حوالے کردیئے گئے، قائمہ کمیٹی میں بریفنگ


\"jf-thandar\"

اسلام آباد (آئی این پی + این این آئی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار کو آگاہ کیا گیا ہے کہ ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ نے 70 جے ایف تھنڈر طیارے آپریشنل استعمال کے لئے پاکستان ایئرفورس کے حوالے کردیئے‘ کمپلیکس ترکی اور نائیجیریا کے ساتھ سپر مشاق طیاروں کی فروخت کے معاہدے پر دیئے گئے ٹائم فریم کے اندر سپلائی کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے‘ ایروناٹیکل کمپلیکس کے انجینئرز نے دہشت گردوں کے حملوں میں نقصان پہنچنے والے تمام اواکس طیارے مرمت کرکے آپریشنل کردیئے ہیں،کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں پولیس‘ ایف سی‘ رینجرز سمیت چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز اور ایم ڈی پیپرا اور پیپرا کے صوبائی سربراہان کو مقامی صنعت سے اسلحے اور ہتھیاروں کی خریداری کے معاملے پر بحث اور غور و خوض کے لئے طلب کرلیا۔ گزشتہ روز قائمہ کمیٹی دفاعی پیداوار کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین خواجہ سہیل منصور کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا اجلاس میں سپر مشاق ایئرکرافٹ بارے نائیجیریا اور ترکی کے ساتھ معاہدے پر بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی نے سبکدوش آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی شاندار کارکردگی پر انہیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا بالخصوص آپریشن ضرب عضب ‘ سی پیک اور لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کے حوالے سے ان کے جرات مندانہ موقف کو سراہا گیا۔ ارکان کمیٹی نے کہا کہ پاکستان آرمی کے ایک جرات مند کمانڈر کے طور پر ان کی اعلیٰ صلاحیتوں اور کارکردگی کو مدتوں یاد رکھا جائے گا۔ ارکان نے پاک آرمی کے نئے چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرنے ان کی صلاحیتوں اور تجربے پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا کمیٹی ارکان نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ جنرل باجوہ اپنے پیش رو کے مشن اور ویژن کو پاک آرمی اور قوم کی بہتری کے لئے جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ کے چیئرمین نے سپر مشاق طیارے کی فروخت کے حوالے سے ترکی اور نائیجیریا کے ساتھ کامیاب معا ہدے بارے کمیٹی کو آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار کوبتایاگیا ہے کہ سعودی عرب ٗ ایران اور عمان کے بعد سپر مشتاق طیارے نائیجریا ترکی اور قطر کو فروخت کئے جائینگے ٗ آذربائیجان،کیمرون اور زمبابوے سمیت کئی ممالک نے بھی مشاق جہاز خرید نے میں دلچسپی ظاہر کر دی ہے ٗجے ایف 17 پاک فضائیہ کے مستقبل کا طیارہ ہے۔ اجلاس کے دور ان سیکرٹری دفاعی پیداوار لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید محمد اویس اور چیئرمین پی اے سی کامرہ ائیر مارشل ارشد نے کمیٹی کو بریفنگ دی ۔چیئر مین پی اے سی کامرہ نے کہا کہ پی اے سی کامرہ 300 مشاق طیارے بنا چکا ہے ٗفضائیہ کی ضروریات پوری کرنے کے بعد آرمی اور اب برآمد بھی کررہے ہیں ٗ ہر طرح سے محفوظ طیارہ ہے ۔ چیئر مین نے کہا کہ سب سے پہلے سعودی عرب کو 20 پھر ایران اور عمان کو بیچے ٗ نائیجریا کو 10 سپر مشاق طیارے فروخت کئے جائیں گے ۔ اس موقع پرائیر فورس حکام نے بتایا کہ نائیجریا کو 4 طیاروں کی پہلی کھیپ حوالے کردی گئی چیئر مین پی اے سی کامرہ نے کہاکہ قطر اور ترکی سے بھی معاہدے ہوچکے ہیں ۔ چیئر مین نے کہا کہ ترکی 53 مشاق طیارے فروخت کئے جائیں گے ۔ چیئرمین نے کہاکہ قطر کو 8 مشاق طیارے فروخت کئے جائیں گے۔ سیکرٹری دفاعی پیداوار نے بتایا کہ مشاق طیاروں کی فروخت کے تمام معاہدے میرٹ پر ملے ہیں۔ سیکرٹری دفاعی پیداوارنے بتایا کہ آذربایجان،کیمرون اور زمبابوے سمیت کئی ممالک نے بھی مشاق جہاز خرید نے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments