ڈانلڈ ٹرمپ کو نواز شریف سے اتنی عقیدت کیوں ہو گئی ہے؟


\"adnan-khan-kakar-mukalima-3\"

امریکی نومنتخب صدر ڈانلڈ ٹرمپ نے اپنی حکومت کی پالیسی کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہے کہ امریکی حکومت دنیا بھر میں غنڈہ گردی نہیں کرے گی اور بیرونی تنازعات میں فوجی مداخلت سے گریز کرے گی۔ امریکہ آئندہ دوسرے ملکوں کی حکومتوں کا تختہ بھی نہیں الٹے گا۔

لیکن اصل بات جو اس تقریر سے سامنے آئی وہ یہ ہے کہ ڈانلڈ ٹرمپ ہمارے عظیم لیڈر میاں محمد نواز شریف سے سیاست سیکھ رہے ہیں اور ان کے بے تحاشا عقیدت مند بن چکے ہیں۔

جب ڈانلڈ ٹرمپ نے صدر منتخب ہوتے ہی دنیا بھر میں سب سے پہلے فون پر بات چیت کرنے کے لئے میاں صاحب کو چنا تھا تو دنیا بھر میں سنسنی پھیل گئی تھی۔ یہی نہیں بلکہ انہوں نے تو میاں صاحب کے باقاعدہ قصیدے پڑھے تھے۔ میاں صاحب نے ٹرمپ کو فون کیا تو وہ کہنے لگے کہ ’میاں صاحب، آپ کی بہت اچھی ریپوٹیشن ہے۔ آپ کمال کے آدمی ہیں۔ آپ خیرہ کن کام کر رہے ہیں جو ہر طرف دکھائی دے رہا ہے۔ میں آپ سے ملاقات کی امید میں گھڑیاں گن رہا ہوں۔ حل طلب مسائل کو سلجھانے کے لئے آپ جیسا حکم کریں، میں ویسا رول ادا کرنے کے لئے تیار ہوں اور اس کا خواہش مند ہوں۔ یہ میرے لئے بہت عزت کی بات ہو گی اور میں ذاتی طور پر یہ کروں گا‘۔ پاکستان کے دورے کی دعوت پر ٹرمپ نے کہا کہ وہ پاکستان آنے کے لئے کے بے تاب ہیں۔

\"trump-nawaz\"

دیسی میڈیا نے میاں صاحب پر اعتبار نہ کیا اور ان کا مذاق اڑایا۔ بدیسی میڈیا پریشان ہوا مگر اس نے یہ تسلیم کیا کہ بات کرنے کا یہ انداز ٹرمپ کا ہی ہے۔ پھر ڈانلڈ ٹرمپ کے دفتر نے بھی تصدیقی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت بامقصد بات چیت تھی۔ دونوں راہنماؤں نے اس بات کا جائزہ لیا کہ وہ کس طرف آپس میں مضبوط تعلق قائم کر سکتے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے اس بات کا اظہار کیا کہ وہ میاں صاحب سے ایک طویل اور مضبوط ذاتی تعلق کے لئے پر امید ہیں۔

ساری دنیا پریشان تھی کہ میاں صاحب اور پاکستان کے لئے ڈانلڈ ٹرمپ کی اس محبت کی وجہ کیا ہے۔ وہ تو ایک مسلم دشمن شخص کے طور پر ابھر رہے تھے۔

تو آئیے آپ کو بتاتے ہیں کہ ڈانلڈ ٹرمپ کو نواز شریف سے اتنی عقیدت کیوں پیدا ہو گئی ہے۔

آپ نے فون کال کے ذکر میں یہ جملے تو پڑھے ہیں کہ ’میاں صاحب، آپ کی بہت اچھی ریپوٹیشن ہے۔ آپ کمال کے آدمی ہیں۔ آپ خیرہ کن کام کر رہے ہیں جو ہر طرف دکھائی دے رہا ہے‘۔ یہ بھی ہم جانتے ہیں کہ دنیا کے چپے چپے کو امریکی مصنوعی سیارے دیکھ رہے ہیں۔ پنجاب میں میاں صاحب کے موٹروے اور میٹرو پراجیکٹ دیکھ کر اور ان کے نتیجے میں ان کی عوامی مقبولیت دیکھ کر صدر ڈانلڈ ٹرمپ بھی میاں صاحب کے مرید ہو گئے ہیں۔ اسی لئے وہ ذاتی طور پر پاکستان آ کر یہ منصوبے دیکھنا چاہتے ہیں۔

اپنے پہلے پالیسی بیان میں ہی ڈانلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ جنگوں پر رقم خرچ کرنے کی بجائے سڑکیں، موٹر وے، پل اور ہوائی اڈے وغیرہ بنائیں گے۔ اور امریکہ میں میٹرو اور موٹر وے بنانے کے ان منصوبوں کے لئے میاں صاحب سے بہتر کون راہنمائی کر سکتا ہے؟

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments