آسٹریلیا نے بھارت کو پہلے ون ڈے میں 66 رنز سے شکست دے دی


آسٹریلیا کو تین میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

آسٹریلیا نے بھارت کو پہلے ایک روزہ میچ میں 66 رنز سے شکست دے کر تین میچز پر مشتمل سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 374 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے کپتان ایرون فنچ اور سابق کپتان اسٹیون اسمتھ نے شاندار سنچریاں بنائیں۔

ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم مقررہ اوورز کے اختتام تک آٹھ وکٹوں پر 308 رنز بنا سکی۔

مہمان ٹیم کی جانب سے ہاردک پانڈیا 90 اور شیکر دھون 74 رنز بنا کر نمایاں اسکورر رہے۔ کپتان وراٹ کوہلی 21، مایانک اگروال 22، کے ایل راہول 12 اور جدیجا 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کے اسپنر ایڈم زمپا نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ جوش ہیزلی وڈ نے تین اور مچل اسٹارک نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلوی اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر اور ایرون فنچ نے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ پر 156 رنز کی شراکت قائم کی تو وارنر محمد شامی کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔

وارنر نے 76 گیندوں پر 69 رنز بنائے جس میں چھ چوکے بھی شامل تھے۔

دوسری وکٹ پر کپتان فنچ اور اسٹیون اسمتھ نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور 108 رنز کی شراکت قائم کی۔

آسٹریلیا کا مجموعی اسکور 264 تک پہنچا تو فنچ 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ ان کی اننگز میں دو چھکے اور نو چوکے بھی شامل ہیں۔

میزبان ٹیم کے اسمتھ نے برق رفتار 66 گیندوں پر 105 اور میکسویل نے 19 گیندوں پر 45 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

میزبان ٹیم کے بالنگ لائن اپ میں مچل اسٹارک، پیٹ کمنس، جوش ہیزلی وڈ اور ایڈم زامپا ہیں۔ پارٹ ٹائم بالنگ کے لیے کپتان ایرون فنچ، میکسویل اور اسٹیون اسمتھ بھی دستیاب ہیں۔

مہمان بھارتی کرکٹ ٹیم شیکر دھون، مایانگ اگروال، کپتان وراٹ کوہلی، شیریاس ایئر، کے ایل راہول، ہاردک پانڈیا، روندرا جدیجا، محمد شامی، یزوندرا چاہل، نودیپ سیانی اور جیسپرٹ بمراہ شامل ہیں۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان تین ون ڈے، تین ٹی ٹوئنٹی اور چار ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa