’دریائے وولگا کا پاگل‘: روس میں 26 عمر رسیدہ خواتین کا قاتل کون؟


روسی تفتیش کاروں نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جس کے بارے میں انھیں شبہ ہے کہ اس نے سنہ 2011 اور 2012 کے درمیان وسطی روس میں 26 عمر رسیدہ بزرگ خواتین کو لوٹا اور قتل کیا۔

پولیس کے مطابق ملزم، جس کا نام رڈک تاگروف اور عمر 38 برس ہے، پیشے سے ایک قفل ساز ہے اور اسے پہلے چوری کے الزام میں بھی ​​سزا سنائی جا چکی ہے۔

اس شخص کے بارے میں شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ وہ نام نہاد ’وولگا کا پاگل‘ ہے، جو روس کے دریائے وولگا کے کنارے کے علاقوں میں ہونے والے متعدد جرائم اور ہلاکتوں سے وابستہ ہے۔

رڈک تاگروف کی جانب سے ابھی اس بارے میں کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔ منگل کے روز پولیس نے بتایا کہ مشتبہ شخص سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

روس کی تحقیقاتی کمیٹی(ایس کے) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ رڈک تاگروف کی گرفتاری فرانزک ریسرچ اور حیاتیاتی تجزیے کے نتیجے میں عمل میں آئی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خواتین کے خلاف مجرمانہ کارروائی ایک ہی فرد کے ذریعے کی گئی۔

بیان میں یہ الزام بھی لگایا گیا ہے کہ حملہ آور کے متعدد اقدامات کا ’انداز‘ مشتبہ شخص کے طرز عمل سے مماثل نظر آتا ہے اور یہ کہ کمیٹی نے ’محنت طلب اور منظم کام‘ کے بعد اس شخص کو حراست میں لینے کا فیصلہ کیا۔

تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ رڈک تاگروف، جو روس کے شہر کازان میں رہائش پذیر ہیں، پر الزام ہے کہ وہ ڈریسنگ گاؤن، ڈور اور بجلی کے تار جیسی اشیا کو گلا گھونٹنے کے لیے استعمال کرنے سے پہلے ایک یوٹیلٹی کارکن کی حیثیت سے متاثرہ افراد کے گھروں تک رسائی حاصل کر چکے ہیں۔

گذشتہ برس پولیس نے ’وولگا کے پاگل‘ کی گرفتاری میں مدد گار ثابت ہونے والی اطلاع دینے پر تیس لاکھ روبل (30،000 پاؤنڈ) انعام دینے کا اعلان کیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32552 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp