آسکر ایوارڈز 2021 کی تقریب تماشائیوں کی موجودگی میں سجے گی



رواں سال عالمی وبا کے باعث بہت سے میوزک اور فلم ایوارڈز یا تو تماشائیوں کی موجودگی کے بغیر ہوئے یا پھر آن لائن لیکن فلمی دنیا کا سب سے بڑا میلہ آسکر ایوارڈز 2021 ورچوئل نہیں ہو گا۔

برطانوی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ نے فلمی میگزین ‘ورائٹی’ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ ‘دی اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز’ نے 73ویں آسکر ایوارڈز کی تقریب 25 اپریل 2021 کو شیڈول کی ہے تا کہ موسم بہار میں تھیٹرز دوبارہ کھل جائیں اور زیادہ سے زیادہ فلمیں ایوارڈز کی دوڑ میں شامل ہوسکیں۔

اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز کے نمائندے کے حوالے سے ‘ورائٹی’ کا کہنا ہے کہ ایوارڈز کی تقریب تماشائیوں کی موجودگی میں منعقد ہو گی۔

روایتی طور پر اکیڈمی ایوارڈز تین ہزار 400 نشستوں والے لاس اینجلس کے ڈولبی تھیٹر میں ہوتے ہیں لیکن اس مرتبہ کرونا وائرس کی وجہ سے کتنے لوگ تقریب میں شرکت کریں گے؟ فی الحال یہ واضح نہیں ہو سکا۔

آسکر ایوارڈز: فلمیں سنیما میں دکھانے کی شرط عارضی طور پر ختم

رپورٹ کے مطابق اکیڈمی کے نمائندوں نے حال ہی میں ڈولبی تھیٹر کا دورہ بھی کیا اور متعدد آپشنز کا جائزہ لیا۔

اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز اور والٹ ڈزنی کے مشترکہ براڈ کاسٹر ‘اے بی سی’ نے اس بارے میں فوری طور پر کوئی تبصرہ یا ردِ عمل کا اظہار نہیں کیا۔

یاد رہے کہ رواں سال ستمبر میں ہونے والے ‘ایمی ایوارڈز’ کی تقریب ورچوئل ہوئی تھی۔ میزبان جمی کیمل، پروڈکشن اسٹاف اور بہت محدود تعداد میں اسٹارز کو تقریب میں شرکت کی اجازت دی گئی تھی۔

‘ایمی ایوارڈز ‘کی یہ تقریب اسٹیپلز سینٹر لاس اینجلس میں منعقد ہوئی تھی۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa