رکن قومی اسمبلی علی وزیر کے راہداری ریمانڈ کیلئے سندھ پولیس کی درخواست منظور


پشاور کی مقامی عدالت نے رکن قومی اسمبلی علی وزیر کے راہداری ریمانڈ کے لئے سندھ پولیس کی درخواست منظور کرلی ہے اور انہیں سندھ پولیس کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔

سی سی پی او پشاور محمد علی گنڈا پور نے بتایا کہ علی وزیر کے خلاف کراچی میں مقدمہ درج ہے، اور ان کی گرفتاری کیلئے سندھ پولیس کی ٹیم پشاور آئی تھی۔ محمد علی گنڈا پور کا مزید کہنا تھا کہ علی وزیر کی گرفتاری میں پشاور پولیس نے سندھ پولیس کی مدد کی ہے۔

پشاور پولیس کا کہنا ہے کہ علی وزیر کے خلاف کراچی میں نفرت انگیز تقریر کرنے کا مقدمہ درج ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز علی وزیر کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے ایم این اے محسن داوڑ کا کہنا تھا کہ علی وزیر کو پشاور آرکائیوز ہال سے نکلتے وقت گرفتار کیا گیا ہے جبکہ پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے ایم این اے علی وزیر کا کہنا ہے کہ ضمانت قبل از گرفتاری بھی کرا چکا ہوں، معلوم نہیں کیوں گرفتار کیا جا رہا ہے۔

Facebook Comments HS