پاکستان کی پیاری سیاسی جماعتیں



سیاسی جماعت، سیاسی گروہ بندی کا نام ہے جو کسی بھی خطے میں ریاست کی حکومت میں سیاسی طاقت کے حصول کے لیے تشکیل دی جاتی ہے۔ سیاسی جماعت کسی بھی ریاست میں انتخابی مہم، تعلیمی اداروں میں فعالیت یا پھر عوامی احتجاجی مظاہروں کی مدد سے اپنی موجودگی اور سیاسی طاقت کا اظہار کرتی ہیں۔ سیاسی جماعتیں اکثر اپنے نظریات، منصوبہ جات اور اپنے نقطہ نظر کو تحریری صورت میں عوام کے سامنے پیش کرتی ہیں جو اس جماعت کا منشور کہلاتا ہے جو اس مخصوص سیاسی جماعت کی ذہنیت اور مخصوص اہداف بارے عوام کو آگاہ کرتا ہے۔ اسی منشور اور اہداف کی بنیاد پر ریاست میں سیاسی جماعتوں کے مابین اتحاد بنتے یا پھر ٹوٹتے ہیں۔

ملک پاکستان میں ویسے تو ان گنت سیاسی جماعتیں موجود ہیں مگر یہاں ہم صرف اعلی پائے کی جماعتوں کا ذکر کریں گے۔

مسلم لیگ پاکستان کی وہ سیاسی جماعت ہے جس نے مملکت خداداد کی فلاح و بہبود کے لئے نظریہ ضرورت کے تحت ہر دور میں اپنی افزائش نسل پر زور دیا، جمہوری ادوaر ہوں یا غیر جمہوری اس جماعت نے اردو کے حروف تہجی کے حساب سے اپنی افزائش نسل کی ہے اور الف سے لے کر ے تک بچوں کو جنم دیا ہے، میری محکمہ بہبود آبادی والوں سے گزارش ہے کہ اس جماعت کی نس بندی کی تجویز کو زیر غور لایا جائے کیونکہ تاحال اس میں سے ش نامی بچے کے جنم کی تیاری کی جا رہی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی پاکستان کی سیاسی جماعت نہیں ایک فرقہ ہے، جب آپ فرقہ کا حصہ ہوتے ہیں تو عقل و دانش سے عاری ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان لوگوں کے نزدیک بھٹو خاندان ہی سیاست و زندگی کی علامت ہے، اور وہ ہی تمام سیاہ و سفید کے مالک ہیں، وہ سب کچھ کر سکتے ہیں رہ گئی عوام ان کو بھٹو کو زندہ کرنے کا علم ہاتھ میں تھما دیا گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف، یہ سیاسی جماعت نہیں بلکہ ان عطار کے لونڈوں کا جتھہ ہے جو فسطائیت پر یقین رکھتا ہے اور فسطائیوں کے سیاسی عالم گوئبلز کی اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ جھوٹ اتنا بولو کہ بالآخر وہ سچ لگنے لگے۔

متحدہ قومی موومنٹ، پاکستان کی وہ سیاسی جماعت ہے، جو ہاتھی کے دانت کھانے کے اور دکھانے کے اور پر یقین کامل رکھتی ہے، کیونکہ یہ جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کے اجماع کی بنیاد پر وجود میں آئی ہے اس لئے اس کے کھانے کے دانت متشدد ہیں اور دکھانے والے نہایت نفیس۔

جماعت اسلامی، پاکستان کی وہ سیاسی جماعت ہے جو تاریخ میں ہمیشہ ظالم کی حمایت اور مظلوم کی دادرسی کرتی نظر آئے گی، ان کی مدبرانہ سوچ اس بات کی عکاس ہے کہ انسان کو زندگی میں ہر صغیرہ و کبیرہ گناہ کرنا چاہیے، مگر نماز پنجگانہ ادا کرنی چاہیے۔

جمعیت علمائے اسلام، پاکستان کی وہ سیاسی جماعت ہے جو ہر حکومت کا عقد پڑھانے کے لئے پہنچ جاتی ہے اور اپنی اجرت وصول پا کر اس پتلی گلی سے نکل جاتی ہے جہاں سے واپسی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

پاکستان میں ایک اور سیاسی جماعت ایسی بھی ہے جس کا کوئی مرکزی دفتر اب تک تو پاکستان میں درج نہیں البتہ ان کے گھر کے چار دروازے ہیں اور وہ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو دروازہ نمبر 4 سے شرف ملاقات بخشتے ہیں، نیز غداری کی تصدیق بھی کرتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).