پی ایس ایل-6 کا شیڈول جاری، پہلا میچ 20 فروری کو ہو گا


پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ لیگ کا پہلا میچ ٹائٹل کی دفاعی چیمپئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان 20 فروری کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

پی ایس ایل-6 کا فائنل 22 مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ کرونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن صرف کراچی اور لاہور میں ہی منعقد ہو گا۔ ایونٹ کے تمام 34 میچز ان دو شہروں میں منعقد ہوں گے۔ البتہ ان میچز میں تماشائیوں کی شرکت کے حوالے سے ابھی فیصلہ ہونا باقی ہے۔

پی سی بی کے مطابق تماشائیوں کی آمد سے متعلق کوئی بھی فیصلہ ایونٹ سے چند روز قبل حالات اور کرونا وائرس کی صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے کیا جائے گا اور اس حوالے سے حکومتی سفارشات کو بھی ملحوظِ خاطر رکھا جائے گا۔

کراچی میں شیڈول تمام میچز نیشنل اسٹیڈیم میں ہوں گے اور لاہور کے تمام میچز قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ دن کے میچز دوپہر دو بجے شروع ہوں گے جب کہ رات کو شیڈول میچز سات بجے شروع ہوں گے۔

لیگ میں حصہ لینے والے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان آمد سے قبل کرونا وائرس کا ٹیسٹ کرانا ہوگا جس کا نتیجہ منفی آنا لازمی ہے۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد پر ان کے مزید دو مرتبہ کرونا ٹیسٹ ہوں گے جن کے نتائج منفی آنے کے بعد ہی انہیں ٹریننگ شروع کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

گزشتہ سال پی ایس ایل کا پانچواں ایڈیشن کرونا وائرس کی وبا سے متاثر ہوا تھا۔ ایونٹ کے اختتامی میچز، جو گزشتہ سال مارچ میں شیڈول تھے، پاکستان میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث ملتوی ہو گئے تھے اور پھر نومبر 2020 میں کھیلے گئے تھے۔

پی ایس ایل میں شامل ٹیموں میں سے لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں ایسی ہیں جو اب تک ایونٹ کی فاتح بننے میں کامیاب نہیں ہو سکیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم دو مرتبہ ٹائٹل جیت چکی ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں ایک، ایک مرتبہ ایونٹ کی فاتح رہی ہیں جب کہ کراچی کنگز نے حال ہی میں پانچویں ایڈیشن کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa