پی آئی اے کا طیارہ ملائیشیا میں تحویل میں لے لیا گیا
کوالا لمپور میں پاکستان واپسی کے لئے تیار پی آئی اے کے مسافر بردار طیارے کو اڑنے کی اجازت نہ دیتے ہوئے اسے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ معاملے کو دیکھ رہے ہیں اور مسافروں کے لئے متبادل انتظام کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز پی آئی اے کی پرواز پی کے 895 کراچی سے کوالالمپور گئی تھی جسے آج شام چار بجے واپس پہنچنا تھا۔ اس جہاز میں 18 رکنی عملہ بھی موجود ہے۔ مقامی قوانین کے مطابق اگر طیارہ وہیں رک جاتا ہے تو عملے کو 14 روز قرنطینہ میں رہنا پڑے گا ۔ پاکستان نے یہ طیارہ 2015 میں ویتنامی کمپنی سے ڈرائی لیز پر لیا تھا اور طیارے کی لیز کی فیس بھی باقاعدگی سے ادا کی جا رہی تھی لیکن اضافی رقم پر تنازع پیدا ہوا تھا جس کے باعث یہ معاملہ عدالت میں ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ انہیں لیز کی فیس ادا نہیں کی گئی ہے۔
پی آئی اے نے ویتنام کی لیزنگ کمپنی سے دو طیارے لیز پر حاصل کیے تھے۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ملائیشیا میں پی آئی اے کا طیارہ ایک مقامی عدالت کے یکطرفہ فیصلے پر تحویل میں لیا گیا ہے۔ یہ معاملہ پی آئی اے اور ایک پارٹی کے درمیان برطانوی عدالت میں زیر التوا ہے۔ مسافروں کی دیکھ بھال کر رہے ہیں اور ان کے لئے متبادل انتظامات کئے جا رہے ہیں۔


