پرویز مشرف کی والدہ انتقال کرگئیں


سابق صدر پاکستان جنرل (ر) پرویز مشرف کی والدہ زریں مشرف دبئی میں انتقال کر گئی ہیں۔ ان کی عمر 100 برس تھی۔

اے پی ایم ایل کے مطابق پارٹی سربراہ اور پاکستان کے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی والدہ دبئی میں انتقال کر گئیں۔ وہ پرویز مشرف کے ساتھ دبئی میں مقیم تھیں۔ وہ 1920ء میں لکھنؤ میں پیدا ہوئیں تھیں۔

اے پی ایم ایل کی مرکزی رہنما مہرین ملک نے کہا ہے کہ پرویز مشرف بھی علیل ہیں اور دبئی کے نجی اسپتال میں داخل ہیں۔ انہیں والدہ کے انتقال کی اطلاع دے دی گئی ہے۔ وہ اس صورت حال میں بہت غم زدہ ہیں۔

مہرین ملک نے کہا کہ پرویز مشرف کی والدہ کی تدفین کا اعلان جلد کیا جائے گا، امکان ہے کہ تدفین دبئی میں ہی ہو تاہم پاکستان میت لانے کا فیصلہ پرویز مشرف ہی کریں گے۔

دریں اثںا خاندانی ذرائع نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کی والدہ کی تدفین دبئی میں کی جائے گی، یہ فیصلہ سابق صدر پرویز مشرف نے کیا ہے۔ ان کی والدہ کی میت پاکستان نہیں لائی جائے گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).