برسبین ٹیسٹ جیتنے کے لیے بھارت کو 324 رنز، آسٹریلیا کو 10 وکٹیں درکار


آسٹریلیا کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 294 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
برسبین ٹیسٹ کے چوتھے روز میزبان آسٹریلیا کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 294 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی جس کے بعد بھارت کو میچ جیتنے کے لیے 328 رنز کا ہدف ملا ہے۔

بھارت کے اوپننگ بلے باز روہت شرما اور شبمن گل کریز پر موجود ہیں اور چوتھے روز کا کھیل ختم ہونے تک دونوں بلے بازوں نے چار رنز بھی بنا لیے تھے۔ برسبین ٹیسٹ جیتنے کے لیے بھارت کو جہاں مزید 324 رنز درکار ہیں وہیں میزبان آسٹریلیا کو مخالف ٹیم کی دس وکٹیں لینا ہوں گی۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 369 اور دوسری میں 294 رنز بنائے تھے جب کہ مہمان ٹیم پہلی اننگز میں 336 رنز بنا سکی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان چار ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز اب تک 1-1 سے برابر ہے جب کہ ایک میچ کسی بھی نتیجے کے بغیر ختم ہوا۔

پیر کو برسبین ٹیسٹ کے چوتھے روز بھارتی بالروں نے میزبان ٹیم کے بلے بازوں کو بڑا اسکور کرنے سے روکنے کے لیے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کیا۔ آسٹریلیا کا کوئی بلے باز بڑی اننگز نہ کھیل سکا۔

بھارت کی جانب سے محمد سراج نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
بھارت کی جانب سے محمد سراج نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے اسٹیو اسمتھ 55 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ ڈیوڈ وارنر 48، مارکس ہیرس 38، کیمرون گرین 37، کپتان ٹم پین 27، مارنس لیبو شین 25 اور نیتھن لیون 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔

آسٹریلیا کے تین بلے باز ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہو سکے جب کہ پیٹ کمنز 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

بھارت کی جانب سے محمد سراج نے 73 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں جب کہ شیردل ٹھاکر چار اور واشنگٹن سندر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa