بھارتی کان میں دھماکے سے 5 افراد ہلاک


دھماکے سے ٹرک تباہ ہو گیا

بھارت میں حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات کے روز ریاست کرناٹک کے علاقے شیو موگا کے قریب پتھر کی ایک کان کے پاس دھماکہ خیز مواد سے بھرا ہوا ایک ٹرک دھماکے سے پھٹ گیا۔ اس واقعے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ دھماکہ خیز مواد پتھر کی کان میں کھدائی کے لیے استعمال ہونا تھا۔ بھارت کی ریاست کرناٹک معدنیات اور کانوں کی وجہ سے شہرت رکھتی ہے۔

دھماکہ رات کے اندھیرے میں ہوا اور عینی شاہدین کے مطابق دور دور تک گھروں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور کئی گھروں کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں۔ کئی لوگ گھبراہٹ میں اسے زلزلہ سمجھ کر گھروں سے باہر بھاگے۔

کرناٹک کے وزیراعلیٰ بی ایس یدی یورپا کا کہنا ہے کہ علاقے میں بم ڈسپوزل سکواڈ کے ساتھ کانوں کے حادثات کی تحقیقات کرنے والی ٹیم کو بھیج دیا گیا ہے۔

ان کے مطابق مائننگ کانٹریکٹر سمیت دو افراد کو حراست میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے لکھا ہے کہ انہیں شوا موگا کے واقعے پر دلی دکھ ہے اور ریاستی حکومت تمام ممکنہ امداد فراہم کر رہی ہے۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa