برگد کی جانب سے نوجوان لیڈرشپ ٹریننگ کا پہلا مرحلہ


زندگی کے ہر لمحے سے کچھ نہ کچھ سیکھنا ہی اصل زندگی ہے۔ ہر انسان میں اللہ تعالیٰ نے کچھ نہ کچھ صلاحیت رکھی ہوتی ہے ،بس کوئی صلاحیتوں کو تراشنے والا ہو۔ برگد (Bargad) کی طرف سے ہمیشہ نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم مہیا ہوتا ہے جس میں وہ اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کر کے اپنے ملک اور انسانیت کے لئے کچھ اچھا کریں۔

اس قوم کو شمشیر کی حاجت نہیں رہتی
ہو جس کے جوانوں کی خودی صورت فولاد

کوئی بھی ملک ترقی نہیں کر سکتا جب تک اس کے نوجوان مضبوط نہیں ہوں گے اور ان میں صحیح اور غلط کا شعور نہیں ہو گا۔ نوجوان کیسے ملک کے لیے کام کر سکتے ہیں، اسی حوالے سے چند دن پہلے دنوں برگد کی طرف سے یوتھ لیڈر شپ آن کیمپس کے حوالے سے چھے روزہ ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کی یونیورسٹیوں کے نوجوان شامل تھے۔

ٹریننگ کا حصہ بننے والی طالبہ رامین رعنا کی کہانی، اسی کی زبانی

میں بہت خوش قسمت ہوں کہ مجھے اس قسم کی ٹریننگ حاصل کرنے کا موقع ملا۔ میرا تعلق ایک ایسے علاقے سے ہے جو بہت پس ماندہ ہے۔ لیکن برگد (Bargad) کی وجہ سے مجھے موقع ملا کہ میں اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کر سکوں اور اپنے لوگوں کی خدمت کر پاؤں۔

اس میں ہمیں سب سے پہلے خود پر اعتماد کرنا سکھایا گیا کیونکہ جب تک خود پر اعتماد نہ ہو تب تک کوئی کچھ بھی نہیں کر سکتا۔ اور مجھ میں اتنا اعتماد پیدا کیا کہ میں سب کے ساتھ اب بلا جھجھک بات کر سکتی ہوں۔ میرے اندر کے ڈر اور خوف نکل گیا ہے۔

ہماری سوچ کو بہتر کرنے کے لئے مختلف سرگرمیاں کروائی گئیں کہ بحیثیت نوجوان ہم تنقیدی انداز میں کس طرح سوچ سکتے ہیں۔ ایک دوسرے کو ہم کس طرح سمجھ سکتے ہیں۔ اگر ہم غلط ہو تو ہمیں خود کو صحیح کرنا چاہیے نہ کہ ہم اپنی غلطی پر ڈٹ جائیں۔

ہمیں یہ بھی سیکھنے کو ملا کہ ہماری شناخت کیا ہے۔ ہم کس طرح دوسروں سے مختلف شناخت کے حامل ہیں۔ ہمیں کس طرح الگ شناخت کے حامل لوگوں کے ساتھ رہنا چاہیے۔ ساتھ ساتھ ہمیں دوسروں کے حقوق کے بارے میں بتایا گیا، خاص طور پر خواجہ سرا کمیونٹی کے حوالے سے بتایا گیا کہ وہ کیسے بے بسی کی زندگی گزارتے ہیں۔ ان کو بھی جینے کا حق ہے جو کہ ہماری دقیانوسی سوچ کی وجہ سے ظلم و بربریت کاشکار ہیں۔

دوسرے مذاہب کے لوگوں کے بارے میں بھی ہماری صحیح طریقے سے رہنمائی کی گئی اور ہمارے ساتھ اس سیشن میں سکھ برادری کے نوجوان بھی تھے جن سے ہماری کافی انسیت بڑھ گئی۔

اس ٹریننگ میں ہمیں یہ بھی سکھایا گیا کہ ہم صحیح ریسرچ کیسے کر سکتے ہے۔ ہم نوجوان اگر کوئی پراجیکٹ کرنا چاہتے ہیں تو کن اصولوں کو اپنا کر یہ کام سکتے ہیں۔

آج کل ڈیجیٹل دور ہے، اس ٹریننگ میں ہمیں ٹیکنالوجی کا صحیح استعمال بتایا گیا اور ہم کیسے اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ صرف ہمیں باتوں سے نہیں سکھایا بلکہ ہم سے وہیں پر سرگرمیاں کروا کر سکھایا گیا جس سے ہمیں ایک دوسرے کو سمجھنے میں آسانی ہوئی۔ اور کچھ نیا سیکھنے کو بھی ملا۔ برگد کی وجہ سے میری سوچ اور میری زندگی بدل گئی۔ ان چھ دنوں میں مجھے بہت کچھ نیا سیکھنے کو ملا۔ ساتھ ہی نئے لوگ بھی ملے، جنہیں ہمیشہ یاد رکھوں گی۔

اس ٹریننگ کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ جتنا ہمیں برگد نے سہولیات دیں شاید ان کے الفاظ بھی کم پڑ جائیں۔ ہماری سوچ کو صحیح راہ دکھائی۔ ہمیں زندگی کا صحیح مقصد بتایا کہ ہم نوجوان اگر کچھ اچھا کرنا چاہیں تو کر سکتے ہیں کیونکہ نوجوان ملک کا سرمایہ ہوتے ہیں۔

نہیں تیرا نشیمن قصر سلطانی کے گنبد پر
تو شاہیں ہے بسیرا کر پہاڑوں کی چٹانوں پر


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).