زرداری پاکستان کے لئے بہت اچھا یا برا؟


\"\"

سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری سرزمین پاکستان پہ قدم رنجہ فرما چکے ہیں۔ ان کی آمد سے قبل ہی ان کے خلاف طوفان بدتمیزی برپا کیا جا چکا ہے۔ زرداری وہ شخص ہے جس کے حق میں لکھنا انتہائی مشکل کام ہے۔ یہ وہ پتھر ہے جسے لوگ چوم کے اٹھانا بھی چاہیں بھی تو نہیں اٹھا سکتے۔ ان کے حق میں بولنا اور لکھنا ناممکن بنا دیا گیا ہے۔ آخر کب تک ایسا رہے گا مجھے نہیں معلوم؟ لیکن وقت بدل رہا ہے۔ اور بدلے گا ان شاء اللہ۔

زرداری صاحب نے کہا تھا میں ہیڈلائنز اور اخبارات کی شہ سرخیوں میں زندہ نہیں رہنا چاہتا میں تاریخ میں زندہ رہنا چاہتا ہوں۔ بہت سارے لوگوں کو شاید یہ دیوانے کی بڑ لگے لیکن مورخ جب قلم اٹھائے گا تو وہ زرداری کو محب وطن اور پاکستان کا محسن لکھے گا۔ مورخ اپنا کام اپنے وقت پہ کرے گا لیکن ایک کام ہم بھی کرتے جائیں۔ نقار خانے میں طوطی کی آواز سنتا کوئی نہیں لیکن یہ آواز ہم لگانا چاہتے ہیں۔

آئیے دیکھتے ہیں کہ زرداری پاکستان کے حق میں برا ہے یا اچھا؟ زرداری نے اس قوم کو کیا دیا ہے؟

وہ وقت یاد کریں جب چاروں صوبوں کی زنجیر اور شہید رانی کو دن دیہاڑے سڑک کنارے مار گیا تھا۔ بی بی کو جب شہید کیا گیا اس وقت کارکنوں کے جذبات عروج پہ تھے انہیں کہا جاتا ملک میں آگ لگا دو تو اس دن آگ نے لگ جانا تھا۔ کارکن جوش میں تھے وہ پاکستان نہ کھپے کا نعرہ بلند کر رہے تھے اس وقت زرداری صاحب آگے بڑھے انہوں نے کہا پاکستان کھپے۔ یہ نعرہ انہوں نے اس وقت لگایا جب بلوچستان آگ میں جل رہا تھا اکبر بگٹی کے قتل کے بعد بلوچستان میں پاکستان کا نام لینا جرم بن چکا تھا۔ اور دوسری طرف کے پی کے میں آئے روز دھماکے ہو رہے تھے ہمارے سول اور فوجی بھائی شہید ہو رہے تھے اور قوم پر جنرل مشرف کے سائے چھائے تھے۔ اس وقت ملک کی بات کرنا کارکنوں کو ٹھنڈا کرنا اور آرام سے بی بی کو قبر میں اتارنا سہل نہ تھا لیکن زرداری یہ کام کر گئے۔ کیا یہ پاکستان کی کم خدمت ہے؟ ملک میں امن کے لیے اتنا بڑا اقدام کوئی برا شخص اٹھا سکتا ہے؟ ستم دیکھئے اسی زرداری کو بی بی شہید کا قاتل کہا گیا۔ کتنا بڑا جگر ہے اس شخص کا؟ قوم آج تو اعتراف کر لے۔

چلیں ایک اور پہلو پہ بات کرتے ہیں۔ یاد کریں وہ وقت جب ایوان صدر میں بیٹھا شخص اٹھاون ٹو بی کے ذریعے قوم کے منتخب نمائندوں کو گھر بھیج دیتا تھا زرداری صاحب نے نواز شریف کے ساتھ مل کے ایوان صدر ڈکٹیٹر سے خالی کروایا اور پھر خود صدر بن کے تمام اختیارات پارلیمنٹ کے سپرد کر دیے۔ ایوان صدر اور وزیراعظم ہاؤس کی کشمکش ہمیشہ کے لیے ختم کر دی۔ ایوان صدر میں بیٹھا شخص کیسے آنکھیں پھیرتا ہے اس کے لیے فاروق لغاری اور بی بی شہید کے دور کو دیکھ لیا جائے۔ زرداری نے اپنی ذات کو مضبوط کرنے کی بجائے پارلیمنٹ کو مضبوط کیا۔ کیا یہ قوم پہ کم احسان ہے؟

اچھا اسے بھی چھوڑیں\"\"

سیاست سے شغف رکھنے والے لوگ جانتے ہیں کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان ہمیشہ خود مختاری کی جنگ رہی چھوٹے صوبے احساس محرومی کا شکار رہتے زرداری صاحب نے صوبوں کو خود مختار کر کے وفاق سے آزاد کر دیا۔ کیا یہ کم کارنامہ ہے؟

اچھا اسے بھی چھوڑیں

آپ کو ایک اہم بات بتاتا ہوں کہ آج جس سی پیک کا کریڈٹ سبھی لے رہے ہیں یہ کارنامہ بھی زرداری صاحب کا ہے۔

شاید بعض دوستوں کو علم نہ ہو کہ گوادر جس پہ دنیا کی اڑھائی ارب کے قریب آبادی کا انحصار ہو گا یہ جنرل مشرف نے سنگاپور کے حوالے کیا زرداری صاحب نے سنگاپور سے معاہدہ ختم کر کے چائنہ کے حوالے کیا

آپ کہیں گے اس کا کیا فائدہ؟ جناب فائدہ ہے اور وہ یہ کہ سنگاپور اور پاکستان کی سرحدیں نہیں ملتی یہ ایک دوسرے سے دور ہیں جبکہ چائنہ پڑوس میں ہے۔ کل اگر پاکستان کی اکانومی گرتی ہے تو فرق چائنہ پہ پڑے گا اور آنے والا وقت معاشی ترقی کا ہے۔ اب پاکستان کی حفاظت چائنہ کی حفاظت ہے۔ پاکستان کی معیشت کو مضبوط رکھنا چائنہ کی بھی مجبوری ہے۔ چائنہ ترقی کرے گا تو پاکستان بھی ترقی کرے گا۔ زرداری صاحب نے اپنی ذات سے بلند ہو کر قوم کو یہ تحفہ دیا۔ آپ اقرار کریں یا نہ کریں لیکن مورخ لکھے گا کہ زرداری کے اس فیصلے نے قوم کا مستقبل محفوظ کیا ہے۔ آج اگر پاکستان امریکہ کے دباؤ سے نکل رہا ہے اور ایک دوسرے بلاک میں غلام کی بجائے برابر فریق کی حیثیت سے کھڑا ہو رہا ہے تو اس کا کریڈٹ زرداری صاحب کو کیوں نہیں دیا جاتا؟

زرداری صاحب کا ایک اہم کارنامہ یہ بھی ہے کہ انہوں نے مفاہمت کی پالیسی کو رواج دیا۔ لوگ اس کا مذاق اڑاتے ہیں لیکن یہ حقیقت کوئی نہیں جانتا کہ جب سیاستدان آپس میں لڑے فائدہ غیر جمہوری قوتوں نے اٹھایا۔ زرداری صاحب نے سیاسی اسٹیبلشمنٹ بنائی سیاسی لوگوں کو اکھٹا کیا اور آج جمہوریت پٹڑی پہ چل پڑی ہے۔ ٹھیک ہے زرداری صاحب کے ان فیصلوں کی وجہ سے ان کی پارٹی کو نقصان ہوا۔ جیالے خفا ہوئے لیکن وہ یہ کڑوا گھونٹ پی گئے انہوں نے جو کچھ کیا ملکی مفاد میں کیا۔ بھلا یہ شخص برا کیسے ہو سکتا ہے؟

ملک کو امن دینے والا۔ ملک کو جمہوریت کی راہ پہ لگانے والا۔ ملک کی معیشت بہتر بنانے والا۔ دورس فیصلے کرنے والا۔ صوبوں کو خود مختاری دینے والا برا ہے یا اچھا؟ فیصلہ آپ کیجئے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
1 Comment (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments