پاکستان سپر لیگ: ملتان سلطانز کا کراچی کنگز کو جیت کے لیے 177 رنز کا ہدف

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں آج کے پہلے میچ میں کراچی کنگز اور ملتان سلطانز مد مقابل ہیں۔ ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں کراچی کنگز کو جیت کے لیے 177 رنز کا ہدف دیا ہے۔

ابوظہبی میں کھیلے جانے والے لیگ کے 16ویں میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے پہلے ہی اوور میں ٹیم کو کامیابی دلاتے ہوئے ملتان سلطانز کے اوپنر رحمٰن اللہ گرباز کو پویلین کی راہ دکھا دی۔

اس کے بعد ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا ساتھ دینے صہیب مقصود آئے اور دونوں نے مل کر ٹیم کے مجموعی سکور کو 40 تک پہنچایا لیکن اس مرحلے پر صہیب کی 14 گیندوں پر 31 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

نئے بلے باز رلی راؤسو نے بھی رضوان کا بھرپور ساتھ نبھایا اور دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے 68 رنز جوڑے جس میں بائیں ہاتھ کے بلے باز کا حصہ 44 رنز رہا۔

108 کے مجموعی سکور پر کراچی کنگز نے تیسری کامیابی اس وقت حاصل کی جب تھسارا پریرا کی قیمتی وکٹ حاصل کر لی۔

اسی اوور میں سلطانز کو ایک اور بڑا نقصان اس وقت پہنچا جب باؤنڈری سے شاندار تھرو کے نتیجے میں رن آوٹ ہو کر رضوان پویلین واپسی پر مجبور ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیے

قلندرز کی آخری گیند پر جیت: ’شروع مجبوری میں کیے تھے اب مجا آ رہا ہے‘

پی سی بی ’مہربانی‘ میں مارا گیا

’اعظم خان صرف معین خان کے صاحبزادے نہیں، وہ پاور ہٹر بھی ہیں‘

ویسٹ انڈیز سے آئے شیمرون ہٹمائر کی اننگز بھی سات رنز سے آگے نہ بڑھ سکی اور یوں سلطانز پانچویں وکٹ بھی گنوا بیٹھے۔

پانچ وکٹیں گرنے کے بعد خوشدل کا ساتھ دینے سہیل تنویر آئے اور دونوں نے اختتامی اوورز میں ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو معقول مجموعے تک رسائی دلا دی۔ دونوں کھلاڑیوں نے 48 رنز کی شراکت قائم کی جس کی بدولت ملتان سلطانز کی ٹیم مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

واضح رہے کہ پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز کی ٹیم دوسرے اور ملتان سلطانز کی ٹیم صرف ایک فتح کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

آج پی ایس ایل میں دو میچز کھیلے جائیں گے، دوسرا میچ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائے گا۔

آج کے پہلے میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

کراچی کنگز: عماد وسیم(کپتان)، بابر اعظم، شرجیل خان، مارٹن گپٹل، نجیب اللہ زدران، چیڈوک والٹن، تھسارا پریرا، قاسم اکرم، وقاص مقصود، محمد عامر اور ارشد اقبال۔

ملتان سلطانز: محمد رضوان(کپتان)، رحمٰن اللہ گرباز، رائلی روسو، شیمرون ہٹمائر، صہیب مقصود، خوشدل شاہ، سہیل تنویر، عمران خان، عمران طاہر اور شاہنواز دھانی۔

Comments - User is solely responsible for his/her words

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 19394 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp