پاکستان سپر لیگ: ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 184 کا ہدف دے دیا


پاکستان سپر لیگ کا آج 25 واں میچ ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جا رہا ہے جس میں گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ملتان سلطانز نے گلیڈی ایٹرز کو جیتنے کے لیے 184 کا ہدف دیا ہے۔ اُنھوں نے 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔

سلطانز کے اوپنر محمد رضوان پویلین لوٹنے والے پہلے بیٹسمین تھے جنھوں نے اپنی ٹیم کے سکور میں 21 رنز کا حصہ ڈالا۔

اُن کی وکٹ گلیڈی ایٹرز کے بولر خرم شہزاد نے لی۔

اس کے بعد صہیب مقصود صرف آٹھ گیندوں پر پانچ رنز بنا کر ظاہر خان کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

سلطانز کی جانب سے اوپنر شان مسعود کریز پر سب سے زیادہ دیر تک جمے رہنے والے بلّے باز رہے جنھوں نے 42 گیندوں پر 73 رنز کا خاطر خواہ اضافہ کیا۔

یاد رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے ہیں جبکہ ملتان سلطانز چوتھے نمبر پر ہیں۔

ملتان سلطانز نے اب تک سات میچز کھیلے ہیں جن میں سے تین میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ گلیڈی ایٹرز اپنے کھیلے گئے آٹھ میچز میں سے صرف دو میں ہی کامیابی حاصل کر سکے ہیں۔

گذشتہ روز ہونے والے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو شکست دی تھی جنھیں اب تک اس ٹورنامنٹ کی مضبوط ترین ٹیمز میں شمار کیا جا رہا ہے۔

تاہم یہ دیکھنا باقی ہے کہ کیا گلیڈی ایٹرز آج کے میچ میں سلطانز کے خلاف بیٹنگ میں کیا کارکردگی دکھائیں گے۔

اس سے قبل دونوں ٹیمز مارچ میں بھی ایک دوسرے سے ٹکرا چکی ہیں اور اس میچ میں کوئٹہ نے ملتان کو 22 رنز سے شکست دی تھی۔

وہ پی ایس ایل سکس میں پہلا موقع تھا جب پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم نے فتح حاصل کی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32549 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp