شاندار چھکا، گیند گراونڈ سے باہر لیکن بیٹسمین نے اپنی ہی گاڑی کی ونڈ اسکرین توڑ ڈالی!


علی کی لگائی گئی شاٹ ایک بہت بڑا سنسنی خیز چھکا ثابت ہوئی
ویب ڈیسک — چھکا لگا کر گیند کو گراونڈ سے باہر پھینکنا تو ہر بیٹسمین کا خواب ہوتا ہے لیکن برطانیہ کے شوقیہ کھلاڑی آصف علی کے چھکے نے اس وقت ان کے اپنے ہی چھکے چھڑا دیے جب ان کی لگائی گئی شاٹ کے نتیجے میں بال ان کی اپنی ہی گاڑی کی پچھلی ونڈ اسکرین سے جا ٹکرائی اور اسے چکنا چور کر دیا۔

یہ عجیب و غریب واقع اس وقت پیش آیا جب علی النگورتھ سینٹ میری کرکٹ کلب کی جانب سے ساور بی سینٹ پیٹر کی ٹیم کے خلاف سنڈے لیگ ایکشن کے دوران بیٹنگ کر رہے تھے۔

علی کی لگائی گئی شاٹ ایک بہت بڑا سنسنی خیز چھکا ثابت ہوئی۔ لیکن
ان کی خوشی اس وقت مایوسی میں تبدیل ہو گئی جب انہوں نے دیکھا کہ بال ان کی اپنی ہی گاڑی کی ونڈ اسکرین سے جا ٹکرائی۔ اب وہ زمیں پر گھٹنے ٹیکے اپنا سر پکڑ کر رہ گئے۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق انہوں نے اپنے اسے تجربہ کا اظہار یوں کیا ’’جب بال میری گاڑی کی طرف جارہی تھی تو میں نے کہا او نو نو نو! یہ کیا ہو رہا ہے۔ لیکن بال سیدھی میری گاڑی کی اسکرین سے جا ٹکرائی اور میں سکتے میں آ گیا۔‘‘

آصف علی نے مقامی آئی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اس کلب کے لیے کب سے کھیل رہے ہیں لیکن یہ پہلا موقع تھا کہ انہوں نے اپنی کار باہر پارک کرنے کی بجائے کلب پارکنگ کے اندر کھڑی کی تھی۔

علی کے نقصان کا کچھ مداوا اس وقت ہوا جب کلب کے چیئرمین جرمی رہوڈز نے کہا کہ کار کی مرمت کا خرچ وہ اٹھائیں گے کیونکہ علی ان کے لیے بہت اچھا کھیلتے ہیں۔

علی اس کار کو بطور ٹیکسی ڈرائیور اپنی روزی کمانے کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں۔

Facebook Comments HS

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3333 posts and counting.See all posts by voa