سرکار اور روزگار


آپ سب نے سرکاری نوکری کے اشتہار دیکھے ہوں گے۔ ابھی پچھلے دنوں کی بات ہے پاکستان کے اہم ادارے ایف آئی اے کی بھرتیاں کھولی گئیں ۔ کل آسامیاں 400 کے قریب تھیں اور آپ کو یہ سن کر حیرت ہو گی کہ ان چار سو آسامیوں کے لئے دس لاکھ افراد نے درخواستیں جمع کروائیں۔ یہ صرف ایک ادارے کی بات نہیں بلکہ ہر ادارے میں یہی حال ہے کیوں کہ غم روزگار تو ہے وہ غالب نے کہا تھا نا کہ

غم اگرچہ جاں گسل ہے، پہ کہاں بچیں کہ دل ہے ​
غم عشق گر نہ ہوتا، غم روزگار ہوتا

رزق کمانا اس کے لئے کوشش کرنا کوئی بری بات نہیں ہے اور انسان ہمیشہ سے ہی اس کے لئے کوشش کرتا رہا ہے، کر رہا ہے اور کرتا رہے گا۔ مگر سرکاری نوکری حاصل کرنے کا نظریہ پچھلی دو صدیوں میں پروان چڑھا ہے۔ جب انگریز کو اپنے امور سیاست اور ریاست کے لئے سرکاری کلرکوں کی ضرورت تھی تو اس نے اپنی تعلیم کے ذریعے یہ نظریہ منتقل کیا کہ سرکاری نوکری ہی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ اور سب کا علم حاصل کرنے کا نظریہ بھی یہی ہونا چاہیے کے نوکری مل سکے انگریز دور کے ہی شاعر اکبر آلۂ آبادی نے اس کو یوں بیان کیا ہے۔

ہم کیا کہیں احباب کیا کار نمایاں کر گئے
بی اے ہوئے نوکر ہوئے پنشن ملی پھر مر گئے

خیر یہ ایک الگ موضوع ہے۔ اچھا ایک بات تو حتمی ہے کہ جب کبھی بھی ریاست، سیاست اور پیسے یا روزگار کو جوڑے گی حتمی نتیجہ بدعنوانی اور کرپشن ہو گا۔ آپ دنیا کی تاریخ اٹھا کر دیکھیں کچھ دو تین صدیوں پہلے تک آپ کو سرکاری نوکری کا کانسپٹ نظر ہی نہیں آئے گا کیوں کہ سرکار نوکری کو اتنا گلوری فائی کبھی بھی نہیں کیا گیا۔ تاریخ میں بلکہ یہ ایک ذمے داری اور مشقت والا کام سمجھا گیا اور تجارت اور کاروبار کو ہی ترجیح دی گئی۔ سرکار خود اپنی مرضی سے کسی قابل شخص کو خود ہی عہدے پر فائز کر دیتی یعنی عوام کا یہ مقصد کبھی بھی نہیں رہا کہ سرکاری نوکری حاصل کی جائے یہ تو کچھ عرصہ ہی ہوا ہے کہ اب سب کچھ ہی سرکاری نوکری کو سمجھا جانے لگا ہے اور اس کے نتائج کیا ہیں آئیں جائزہ لیتے ہیں۔

میں نے شروع میں کہا کہ جب بھی ریاست، سیاست اور روزگار کو جوڑے گی حتمی نتیجہ بدعنوانی ہو گا۔ اب اس کو ثابت کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔ پاکستان میں چوں کہ جمہوری حکومت ہے تو اس کے تین بنیادی ستون یا ادارے ہیں۔ ایک مقننہ، دوسرا انتظامیہ اور تیسرا عدلیہ اور تینوں ہی میں لوگ شوق و ذوق سے جاتے ہیں۔ اب بہت کم شاید کوئی ایک فیصد کے قریب لوگ ہی اس لئے ان اداروں میں جاتے ہوں کہ ہم نے ملک و قوم کی خدمت کرنی ہے بلکہ یہی نظریہ ہوتا ہے کہ سرکاری مراعات ملیں گی، پیسے کی فراوانی ہو گی اور مستقبل میں پنشن بھی مل جائے گی۔

مقننہ میں ہمارے سیاست دان آتے ہیں اب جب سے اس سیاست میں پیسا شامل کیا گیا ہے، حکمرانوں کو مراعات دی گئی ہیں تو کرپشن آپ کے سامنے ہے۔ کیوں کہ جب تک حکمرانوں کو مراعات نہیں دی جاتی تھیں یا کم دی جاتیں تھیں صرف اور صرف مخلص لوگ سامنے آتے تھے۔ ریاست کا دوسرا ستون انتظامیہ ہے جس میں پولیس اور فوج وغیرہ بھی شامل ہیں اب فوج یا پولیس میں جانے والوں سے پوچھیں کہ کس لئے جانا چاہتے تو زیادہ تر جھوٹ کا سہارا لے کر کہیں گے کہ قوم کی خدمت کے لئے مگر یہ قومی جھوٹ ہے آپ آج فوج کی مراعات اور پولیس کی تنخواہیں ختم کر دیں سب اگلے دن آپ کو گھروں میں ملیں گے۔ کیوں کہ تعلیم کے ذریعے پیسے کو خدا بنایا گیا پھر اسی پیسے کو اداروں میں رکھ دیا گیا تا کہ بندگی ہو سکے جب خدا ہی نہ رہے گا تو بندگی کیسی؟

اب تیسرا ستون عدلیہ ہے، آپ اور میں اتنے بیوقوف ہیں کہ یہ سمجھتے ہیں کہ ہمیں انصاف دینے کے لئے اتنی کورٹس بنائی ہیں یعنی یہ کچھ دو تین صدیوں پہلے آپ کو اپیل کا کانسپٹ نظر نہیں آئے گا یعنی جو ایک فیصلہ عدالت نے کر دیا وہی حتمی ہوتا تھا اور مزے کی بات یہ کہ اس وقت انصاف ملنے کی امید ہوتی تھی۔ مگر اب کا ڈرامہ دیکھیں ہمیں یہ بتایا جاتا ہے کہ دیکھیں یہ ڈسٹرکٹ کورٹ یہاں انصاف نہ ملے تو آپ ہائی کورٹ جا سکتے، اور یہاں بھی نہ ملے تو سپریم کورٹ اور سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی پسند نہ آئے تو ریویو پٹیشن دائر کر دیجئے۔

یوں آپ کو انصاف مل ہی جائے گا۔ لیکن اصل حقیقت تو یہ ہے کہ یہاں بھی سب پیسے کا کھیل ہے یعنی اگر اتنی کورٹس نہ بنائی جائیں تو وکیل کہاں سے کھائیں گے؟ پھر جو اتنے جج بنتے وہ تو بھوکے مر جائیں گے اس لئے انصاف ملے نہ ملے پیسا اور مراعات ملنا ضروری ہیں۔ آپ جہاں ادارے میں پیسے کو اہمیت دیں گے وہاں انصاف کا جنازہ نکل جائے گا اور کرپشن اور بدعنوانی بڑھ جائے گی اس سرمایہ دارانہ نظام کا مقصد صرف ایک ہے اور وہ ہے کچھ ہاتھوں تک دولت محدود رکھنا اور بس۔

میں یہ نہیں کہتا کہ آپ سرکاری ملازمین کو تنخواہ نہ دیں بلکہ کہنے کا مقصد یہ ہے کہ اگر یہ سرکاری نوکر ہیں تو پہلے یہ خود کو عوام کا نوکر سمجھیں پھر ان کو تنخواہیں اتنی ہی دی جائیں جتنی ایک عام آدمی کی آمدنی تا کہ اس کو پتا ہو کہ سرکار میں جانے کا مطلب خدمت ہے پیسا نہیں۔ اور یہاں نظام تعلیم کو تو سرے سے ہی بدلنے کی ضرورت ہے کیوں کہ پورا نظام تعلیم تشکیل ہی اس لئے دیا گیا ہے تا کہ سرمایہ دار پیدا ہو سکیں ہم قارون پیدا کرنا چاہتے ہیں، قارون خزانے سمیت زمین میں دھنس گیا تھا ہم نے پوری قوم کو زمین میں دھنسا دیا ہے شعور دور دور تک نہیں ہے صرف شور ہے وہ بھی کان لگا کر سنیں تو آواز آئے گی پیسہ، روپیہ، مال، دولت، خزانہ۔ قوم زمین میں دھنس چکی ہے مگر زمین میں دھنس جانے کا افسوس نہیں بلکہ افسوس اس بات کا ہے کہ ہمیں یہ یقین ہے کہ یہ ہی آسمان ہے اور وہ بھی ساتواں۔

کیوں کہ بقول حفیظ جالندھری
غلامی میں بشر عزت کے معنی بھول جاتا ہے
پہن کر طوق لعنت کا خوشی سے پھول جاتا ہے
غلامی سربلندی کے نتائج سے ڈراتی ہے
زمین پر پیٹ کے بل رینگنے کا گر سکھاتی ہے
غلامی آدمی سے آدمیت چھین لیتی ہے
عمل دیتی ہے لیکن حسن نیت چھین لیتی ہے


2 thoughts on “سرکار اور روزگار”

  • 28/06/2021 at 10:17 شام
    Permalink

    Mashallah it is amazing .more power to you adnan🌹

  • 29/06/2021 at 1:17 صبح
    Permalink

    Masha Allah bilkul sahi kaha

Comments are closed.