بل گیٹس اور ملنڈا کی طلاق کے بعد گیٹس فاؤنڈیشن کا سرپرست اب کون ہو گا؟


بل گیٹس اور ملنڈا کی طلاق کے بعد گیٹس فاونڈیشن کی دیکھ بھال کون کرے گا، اس کے ضابطے طے کر لئے گئے ہیں۔
ویب ڈیسک — دنیا کے سب سے بڑے فلاحی ادارے گیٹس فاؤنڈیشن کا اس کے سربراہوں بل اور ملنڈا فرنچ گیٹس کے درمیان طلاق کے بعد مستقبل کیا ہو گا؟ اس بارے میں نئے ضابطے طے کر لئے گئے ہیں۔

مستقبل میں دونوں کے درمیان ادارے کے فیصلوں میں کسی ممکنہ اختلاف کی صورت میں بل اور ملنڈا فرنچ گیٹس کے درمیان گیٹس فاؤنڈیشن سے بھی علیحدگی ہو جائے گی۔

مغرب میں شادی شدہ جوڑوں میں علیحدگی کے بعد والدین عموماً بچوں کی مشترکہ سرپرستی حاصل کرتے ہیں۔ کئی مرتبہ جہاں والدین بچوں کی بہتر تربیت کے لئے معاملات خوش اسلوبی سے چلاتے ہیں، وہیں اکثر ذاتی چپقلش اور ماضی کی تلخیاں ان معاملات کو مشکل بھی بنا دیتی ہیں۔

کچھ ایسے ہی مسائل مستقبل میں بل گیٹس اور ان کی سابقہ اہلیہ ملنڈا فرینچ گیٹس کو بھی پیش آسکتے ہیں۔

ان دونوں کے تینوں بچے تو اب بڑے ہوچکے ہیں لیکن گیٹس فاؤنڈیشن، جسے دونوں اپنا چوتھا بچہ بھی کہتے ہیں، دونوں کی مشترکہ سرپرستی میں چلنے والا وہ خیراتی ادارہ ہے جس کا نظام اب بھی دونوں مل کر چلا رہے ہیں۔

تاہم، گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے اب یہ اعلان سامنے آیا ہے کہ مستقبل میں ادارے کو چلانے کے حوالے سے اگر دونوں میں اتفاق نہ پایا گیا تو دو سال کے عرصے میں ملنڈا فرنچ گیٹس، ادارے کے مشترکہ سرپرست اور ٹرسٹی دونوں عہدوں سے استعفیٰ دے دیں گی۔

استعفے کی صورت میں ملنڈا فرنچ گیٹس کو اپنے فلاحی کام خود سے جاری رکھنے کے لئے بل گیٹس کی جانب سے علیحدہ رقم اور وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ یہ وسائل گیٹس فاؤنڈیشن کے لئے وقف فنڈ کے علاوہ ہوں گے۔

خبر رساں ادارے، اے پی سے گفتگو میں ادارے کے سی ای او مارک سوزمین کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ دونوں کے درمیان طلاق سے جڑے معاملات طے کرنے کا ہی ایک حصہ ہے۔

مارک سوزمین نے مزید بتایا کہ دونوں نے ایک ساتھ بھی اور علیحدہ بھی، اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے وہ ساتھ مل کر فاؤنڈیشن کو خوش اسلوبی سے چلانا چاہتے ہیں؛ اور جس طرح گزشتہ دو ماہ میں گیٹس فاؤنڈیشن کے حوالے سے دونوں کے درمیان ہم آہنگی دیکھی جا رہی ہے، اس سے اس خیال کو تقویت ملتی ہے کہ معاملات یونہی بغیر کسی رکاوٹ چلتے رہیں گے۔

ادارے کو مل کر چلانے کے عزم کےاظہار میں دونوں نے گیٹس فاؤنڈیشن کے لئے وقف تقریباً پچاس ارب ڈالرز کے فنڈ میں مزید پندرہ ارب ڈالرز کے اضافے کا اعلان کیا ہے۔

گیٹس فاؤنڈیشن اس وقت دنیا کا سب سے بڑا نجی فلاحی ادارہ ہے جو صحت، تعلیم اور دوسرے فلاحی کاموں میں سالانہ پانچ ارب ڈالر خرچ کرتا ہے۔

اے پی کے مطابق، ادارے کے سربراہ مارک سوزمین کا کہنا ہے کہ گیٹس فاؤنڈیشن کے بورڈ میں ٹرسٹیز کی تعداد بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ ”اس وقت ملنڈا اور بل گیٹس ہی ادارے کے ٹرسٹیز ہیں۔ گو کہ دونوں ہی نے مل کے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے، تاہم وقت آ گیا ہے کہ بہتر گورننس کے لئے بورڈ آف ٹرسٹیز کو وسعت دی جائے”۔

تاہم، بورڈ کتنے افراد پر مشتمل ہو گا اس کا فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا۔ ٹرسٹیز کے ناموں کی منظوری ملنڈا اور بل گیٹس مل کر دیں گے اور ان ناموں کا باضابطہ اعلان جنوری 2022ء تک کر دیا جائے گا۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments