حالات بہت بدل گئے، نواز شریف جلد آئیں گے: مریم نواز


مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ حالات بہت بدل گئے ہیں، بہت جلد آپ ہر چیز بدلتی ہوئی دیکھیں گے۔ اگر مگر کا سوال نہیں، میاں نواز شریف جلد آئیں گے۔

مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا ذاتی خیال ہے کہ شہباز شریف نے قومی حکومت کی بات نہیں کی، قومی مفاہمت کی شاید بات کی تھی اور میرے ذاتی خیال میں اس وقت قومی مفاہمت کی ضرورت ہے۔ موجودہ حکومت کو باہر رکھ کر باقی جماعتوں کو اکٹھے ہو کر ملک کا سوچنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام دشمنی کی مثال قائم کی ہے۔ مفاہمت دور کی بات ان سے بات بھی نہیں کرنی چاہیے۔ لائی جانے والی اور مسلط کی گئی حکومتوں سے جان چھوٹے۔ جو ہوا قوم کے سامنے ہے، کس نے کس کا وقت ضائع کیا سب سامنے ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ساڑھے تین سال میں کسی نے یہ خبر سنی کہ چینی یا آٹا سستا ہوگیا، ملک میں لاقانونیت دیکھیں جگہ جگہ زیادتی کےواقعات ہو رہے ہیں ،حیرانی ہوتی ہے کہ میڈیا کی زباں بندی کرنی ہے ، اپنی حرکتیں ٹھیک نہیں کرنی۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا ریگولیٹری بل میڈیا کی زباں بندی کا ہی تسلسل ہے، نالائقی اور نااہلی کے انبار لگے ہیں، آپ ان کو نہیں چھپا سکتے، ملکی تاریخ میں اتنی نااہل اور نالائق حکومت نہیں دیکھی۔

مریم نواز نے کہا کہ ناجائز اور مسلط حکومت کا احتساب احتساب نہیں انتقام ہے، اس حکومت اور اس کے انتقام کے سامنے پیش ہونا عقلمندی نہیں۔ نون لیگ کی نائب صدر کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف اپنے اوپر واجب قرض سے زیادہ ادا کر کے گئے ہیں، مسلم لیگ نون جب بہتر سمجھے گی میاں صاحب واپس آئیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments