سنہ 2014 سے 2021 کی ہفتائی


یہ 2014 ہے، یونیورسٹی کی ڈورمیٹری میں 8 چارپائیاں اس طرح بچھی ہوئی ہیں، کہ کسی بھی ویل ڈیزائنڈ اداراتی عمارت کی طرح راہداری چھوڑ دی گئی ہے، 8 سٹوڈنٹس اپنی اپنی چارپائیوں پر رضائیوں میں گھسے ہوئے ہیں صرف آنکھیں اور ہاتھ با امر مجبوری باہر رہ گئے ہیں اور بالترتیب لیپ ٹاپ کے سکرین اور کی بورڈ پر ٹکے ہوئے ہیں۔ فیسبک پر ایک ویڈیو کہیں سے اپلوڈ ہوئی اور پھیلتی پھیلتی اس ڈورمیٹری میں بھی پہنچ گئی ہے۔ ویڈیو کیا ہے کہ ایک شخص نے بہت بڑی دھاتی بھٹی آگ کے الاؤ پر چڑھا رکھی ہے، ساتھ ہی ایک ترپائی بچھا کر اس طرح بیٹھا ہوا ہے کہ اس کے ہر طرف خشک آٹا پھیلا ہوا ہے، جس میں آٹے بڑے بڑے کے پیڑے کسی توپ کے گولوں کی طرح سجا کر رکھے ہوئے ہیں، مذکورہ شخص ایک پیڑا اٹھاتا ہے اور روٹی گھڑنا شروع کر دیتا ہے، روٹی پھیل پھیل کر اس شخص کے بازو سے ہوتی ہوئی چھاتی تک پھر اتنی بڑی ہو جاتی ہے رضائی کا گمان ہونے لگتا ہے اور پھر وہ شخص اسی مہارت سے روٹی کو اپنے قد سے دو گنا بڑی بھٹی پر پکنے کے لیے بڑی نفاست سے منتقل کر دیتا ہے۔ سٹوڈنٹس کی آنکھیں اس شخص کی مہارت پر پھٹی کی پھٹی رہ جاتی ہیں اور تعریف و توصیف کے ڈونگرے برسنے شروع ہو جاتے ہیں، گویا زبان حال سے کہہ رہے ہوں کہ ہمارے ملک کے لیے ایسے ہی باورچی کی ضرورت ہے۔

یہ 2021 ہے، وہی ویڈیو فیس بک سے ہوتی ہوئی انسٹا گرام پر بھی پہنچ چکی ہے اور مغرب کے کسی ملک سے تعلق رکھنے والے اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی ہے جس کو اتفاقا ان سٹوڈنٹس میں سے کچھ فالو کر رہے ہیں۔ ویڈیو کو دیکھ کر سٹوڈنٹس کے دل و دماغ پر یادوں کا چڑھتا دریا سیلاب کی صورت حال پیدا کر دیتا ہے۔ لیکن پھر اچانک خیال آتا ہے کہ دیکھ ہمارے لیے تو یہ بہت قابل تعریف مہارت تھی، ذرا دیکھیں مغرب ہمارے ٹیلنٹ کو کس نظر سے دیکھ رہا ہے، حسد سے جل کر گوری چمڑی سیاہ ہو گئی ہوگی۔ کمنٹس پڑھنے شروع کیے تو مغرب کی ہمارے خلاف ازلی دشمنی پھر روز روشن کی طرح عیاں ہو گئی، اور سٹوڈنٹس علامہ اقبال کی بصیرت کے مزید گرویدہ ہو گئے جو مغرب کو کہہ گئے ہیں۔

تمھاری تہذیب اپنے خنجر سے آپ ہی خود کشی کرے گی
جو شاخ نازک پہ آشیانہ بنے گا، ناپائدار ہو گا

اب آپ کہیں گے کہ مغرب کے کمنٹس تو آپ نے بتائے ہی نہیں تو آپ کے ذوق کے لیے کچھ نقل کیے دیتا ہوں۔
1۔ روٹی کو سر پر بھی لے جاتے تاکہ تھوڑے سے بال شامل ہو کر مزہ دوبالا کر دیتے روٹی کا ۔
2۔ اچھا ہوا کپڑوں پر لگا ہوا آٹا مٹی بھی صاف ہو گی
3 پسینے نے تو روٹی میں شہد کا کام کیا ہو گا
بس اتنا پڑھنا تھا کہ بس۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments