معذور خواتین کے لیے کرونا ویکسین کی اہمیت


عالمی ادارہ صحت نے مارچ 2020 کو کرونا وائرس کو عالمی وبا قرار دیا اور اس کے ساتھ ہی کرونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات کے حوالے سے اپنی کوششیں تیز کر دیں۔ کرونا وائرس ایک متعدی بیماری ہے جو ایک شخص سے کسی دوسرے شخص میں بہت تیزی سے منتقل ہوتی ہے۔ اس سے بچاؤ کے حوالے سے حفاظتی تدابیر بھی تجویز کی گئیں جن میں سماجی فاصلہ رکھنا، ماسک کا پہننا، اپنے ہاتھوں کو بیس سیکنڈ تک صابن سے دھونا اور ہجوم والی جگہوں پر جانے سے پرہیز کرنا ہے۔

کرونا وائرس کی اس وبا نے کروڑوں لوگوں کو متاثر کیا اور ان میں سب سے زیادہ وہ خواتین، لڑکیاں متاثر ہوئیں جنہیں کسی بھی طرح کی معذوری کا سامنا ہے۔ عام طور پر دیکھا یہ گیا ہے کہ ایسی خواتین اور لڑکیاں گھروں میں محصور رہتی ہیں اور زیادہ تر والدین یہ سمجھتے ہیں کہ گھر میں رہنے کی وجہ سے یہ متاثر نہیں ہو سکتی ہیں جبکہ حقائق یہ ہیں کہ اس وائرس سے ہر وہ شخص متاثر ہو سکتا ہے جس نے احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کیں۔

کرونا وائرس کے ذرات سانس کے ذریعے پھیپھڑوں کو متاثر کرتے ہیں اور اس کے علاوہ بلڈ کلاٹنگ بھی کرتے ہیں جس سے دل کو خون کی سپلائی متاثر ہوتی ہے اور آپ کی زندگی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کی کوششوں سے طب کے ماہرین کرونا وائرس کی ویکسین بنانے میں کامیاب ہو گئے اور پاکستان میں مئی 2021 کو ویکسین کی پہلی کھیپ پہنچی۔ حکومت پاکستان نے تمام شہریوں کی زندگی بچانے کے لیے مرحلہ وار ویکسین لگانا شروع کر دیا۔

ویکسین لگانے کے اس عمل کے دوران بہت سی افواہیں بھی گردش کرنے لگیں جس سے بہت سے لوگوں میں ویکسین کے حوالے تحفظات پیدا ہونے شروع ہو گئے اور بہت سے لوگ ویکسین لگوانے سے اجتناب برتنے لگے۔ حکومت پاکستان نے ویکسین کے حوالے سے آگاہی مہم شروع کی اور ساتھ ہی ویکسین نہ لگوانے والوں پر پابندیاں بھی تجویز کر دیں۔

کرونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے ویکسین بہت کارآمد ثابت ہوئی ہے اس سے بہت سے لوگ کرونا جیسی متعدی بیماری سے محفوظ ہو رہے ہیں۔ کرونا وائرس ویکسین کے نتائج حوصلہ افزاء ہیں وہ خواتین اور لڑکیاں جنہیں کوئی معذوری ہے وہ لازمی اس ویکسین کو لگوائیں اور وہ والدین جن کے ہاں ایسی خواتین یا لڑکیاں موجود ہیں جنہیں کوئی معذوری ہے انہیں پہلی فرصت میں گھر کے تمام افراد کو ویکسین لگوانی چاہیے۔ کرونا وائرس ویکسین کا کام مدافعتی نظام کو مضبوط کرنا ہے جس سے آپ اس متعدی بیماری سے محفوظ رہتے ہیں۔

اور وہ تمام گھرانے جہاں ایسی خواتین اور لڑکیاں جنہیں کوئی معذوری ہے موجود ہیں اس صورت میں گھر کے تمام افراد ویکسین کروائیں اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ ایسی تمام خواتین جنہیں کوئی معذوری ہے اور وہ احساس کفالت پروگرام کی طرف سے کوئی رقوم وصول کر رہی ہیں انہیں اس پروگرام کی طرف سے ملنے والی رقم تب تک نہیں ملے جب تک وہ ویکسین نہیں کروا لیتی ہیں۔ اور وہ تمام خواتین جو احساس کفالت پروگرام کی طرف سے رقوم وصول کر رہی ہیں وہ حکومت کی طرف سے قائم کردہ کسی بھی ویکسین سینٹر سے مفت ویکسین لگوائیں، ویکسین لگوانا نہ صرف اس جان لیوا مرض سے محفوظ کر رہا ہے بلکہ روزمرہ کے کام کاج بلا خوف خطر کرنے میں میں بھی مددگار ثابت ہو رہا ہے۔

حکومتی ہدایات کے مطابق بغیر ویکسین بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت اس ماہ سے نہیں ہو گی ایسی تمام خواتین جنہیں کوئی معذوری ہے اور وہ بیرون ملک سفر کرنا چاہتی ہیں وہ اپنی ویکسین کی ڈوز جلد سے جلد مکمل کر لیں اور نادرا سے ویکسین کا سرٹیفیکیٹ بھی حاصل کریں تاکہ آپ کو سفری بندش کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ایسی خواتین اور لڑکیاں جو کسی معذوری کے ساتھ ہیں اور پاکستان بیت المال اور سوشل ویلفیر ڈیپارٹمنٹ سے اگر کوئی امدادی رقوم حاصل کر رہی ہیں تو ان کے لیے ویکسین کروانا لازم ہے ویکسین نہ کروانے کی صورت میں انہیں یہ رقوم حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

خواتین باہم معذوری کرونا ویکسین لگوانے سے شادی کی تقریبات میں شرکت، شاپنگ مالز میں خریداری اور ریستوران کے اندر بیٹھ کر کھانا بھی کھا سکتی ہیں اور اگر آپ کو کسی ہوٹل میں قیام کرنا ہے تو وہ بھی آپ کر سکتی ہیں۔ ویکسین کروانے سے ایسی تمام خواتین اور لڑکیاں جنہیں کوئی معذوری ہے وہ جیم اور پارکس میں بھی جا سکتی ہیں اور ویکسین نہ کروانے کی صورت میں ان جگہوں پر حکومت کی طرف سے داخلہ ممنوع ہے۔

ایسی تمام خواتین اور لڑکیاں جنہیں سانس کی تکلیف رہتی ہے یا مدافعتی نظام کمزور ہے انہیں چاہیے کہ ڈاکٹر کے مشورے سے حکومت کے قائم کردہ ویکسین سینٹر سے مفت ویکسین لگوائیں۔ ویکسین کا کام مدافعتی نظام کو مضبوط کرنا ہے جس سے وائرس آپ کو متاثر نہیں کر سکتا۔ یاد رہے کرونا وائرس ایک متعدی بیماری ہے اس کا خاتمہ تبھی ممکن ہے جب تمام لوگ ویکسین لگوائیں وہ تمام خواتین اور لڑکیاں جو کسی معذوری کی وجہ سے گھروں میں محصور ہیں ان کا بھی ویکسین لگوانا اتنا ہی ضروری ہے اور محفوظ ہے جتنا باقی تمام لوگوں کا۔ حکومت کی طرف سے قائم کردہ کسی بھی ویکسین مرکز سے مفت ویکسین لگوائیں۔ پاکستان کو کرونا وائرس سے پاک کرنے میں حکومتی کوششوں کا ساتھ دیں ”فرض نبھائیں، ویکسین لگوائیں،“


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments