ٹرمپ کے فیصلے پر میرا دل ٹوٹ گیا ہے – ملالہ یوسفزئی

میرا دل ٹوٹ گیا ہے کہ وہ شامی مہاجر بچے جنہوں نے چھہ سال تک ایک ایسی جنگ برداشت کی جس میں ان کا کوئی قصور نہ تھا، انہیں تعصب کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ان لڑکیوں کے لئے میرا دل ٹوٹ گیا ہے جو میری دوست زینب کی طرح ہیں جسے صومالیہ، یمن اور مصر کے تین ملکوں سے جنگ کی وجہ سے فرار ہونا پڑا حالانکہ وہ ابھی سترہ برس کی بھی نہیں ہوئی تھی۔ دو برس پیشتر اسے امریکہ آنے کے لئے ویزا مل گیا تھا۔ اس نے انگریزی سیکھی، ہائی سکول کی تعلیم حاصل کی اور اب وہ کالج میں پڑھ رہی ہے تاکہ ہیومن رائٹس کی وکیل بن سکے۔
زینب اس وقت اپنی ننھی بہن سے جدا ہو گئی تھی جب وہ مصر کی بدامنی سے بچ کر بھاگی تھی۔ آج اس کی اپنی عزیز ننھی بہن سے ملنے کی امید دھندلا گئی ہے۔
دنیا میں موجود اس غیر یقینی اور اضطرابی وقت کے پیش نظر میں صدر ٹرمپ سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ دنیا کے سب سے زیادہ لاچار بچوں اور خاندانوں سے منہ نہ موڑیں۔
